لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گذشتہ روز صوبے میں ”قدم بڑھاﺅ ڈینگی مکاﺅ“ مہم کا باقاعدہ آغاز کیا جس کے تحت شہریوں میں اپنے گھروں، محلوں، گلیوں، بازاروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے گا اور ان کی اس ضمن میں رہنمائی کی جائے گی۔ انہوں نے موہنی روڈ کی تنگ و تاریک گلیوں اور شاہدرہ کی کچی آبادیوں کے مکینوں میں ڈینگی وائرس سے بچاﺅ کے بارے میں پمفلٹس، معلوماتی لٹریچر اور ڈینگی سے بچاﺅ کی کٹس تقسیم کیں اور شہریوں کے ساتھ مل کر گھر اور فوارے میں کھڑے پانی کو نکالا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر شہریوں اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی وائرس کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا اور عوام کو اس وباءسے محفوظ رکھنے کے لئے جان لڑا دوں گا۔ ہمیں ڈینگی سے ڈرنا نہیں بلکہ لڑنا ہے۔ عوام میں 5 لاکھ اینٹی ڈینگی کٹس بھی تقسیم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی وائرس کی خبروں کو ضرور شائع کرے اور ہماری کمزوریوں کی نشاندہی کرے لیکن اموات کے ذکر کے ساتھ ساتھ مسیحاﺅں کی ان خدمات کی بھی ضرور ستائش کرے، اس سے ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ بعدازاں انہوں نے شاہدرہ کی کچی آبادی میں فوارے میں کھڑے پانی کو شہریوں کے ہمراہ نکالتے ہوئے کہا کہ جب تک پورا پانی نہیں نکالا جائے گا وہ یہاں سے نہیں جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے پروٹوکول کے بغیر مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ کی آمد کی خبر ملتے ہی شہری بڑی تعداد میں اکٹھے ہو گئے اور ”شہبازشریف زندہ باد“ کے پُرجوش نعرے لگائے۔ دریں اثناءسری لنکن ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر تسیرا نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں شہباز شریف جیسا انتھک، مخلص اور خدمت گزار وزیراعلیٰ ملا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ان کی قیادت میں پاکستان کے عوام ڈینگی کی بیماری پر بڑی حد تک قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کو 20، 20 گھنٹے کام کرتے دیکھ کر ہمارے طرز زندگی میں بھی مثبت تبدیلی آئی ہے اور ہم نے یہ سیکھا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے راتوں کو جاگ کر کیسے کام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے شہباز شریف کی کارکردگی دیکھ کر یقین ہے کہ وہ زندگی کے ہر شعبہ اور کسی بھی بحران میں اپنی قوم کی صحیح سمت میں رہنمائی کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں شہباز شریف کی جانب سے سری لنکا کی میڈیکل ٹیم کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر کہاکہ سری لنکن میڈیکل ٹیم اور پاکستانی ڈاکٹروں کی انتھک کاوشوں کی بدولت بہت سی قیمتی جانیں بچائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں فوری طور پر ہماری مدد کے لئے ماہرین کی ٹیم بھجوانے پر سری لنکا کے صدر، حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں اور میں سری لنکا جا کر خود شکریہ ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا نے مشکل کی گھڑی میں ہمارے ساتھ تعاون کرکے اس کہاوت ” دوست وہ ہوتا ہے جو مشکل میں کام آئے“ کو ثابت کر دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی میڈیکل ٹیم کے کچھ ارکان سری لنکا واپس جا رہے ہیں ان کی جگہ دوسرے ماہرین 28 ستمبر کو پنجاب آئیں گے۔ وزیراعلیٰ نے سری لنکا کی میڈیکل ٹیم میں تحائف اور سوئنرز بھی تقسیم کئے۔ دریں اثناءشہبازشریف نے جناح ہسپتال کا اچانک دورہ کیا وہ انتہائی نگہداشت اور ڈینگی بخار میں مبتلا مریضوں کے وارڈوں میں گئے اور مریضوں سے طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے ڈینگی کاﺅنٹر کا بھی معائنہ کیا اور یہاں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس کے تدارک کے لئے عوامی نمائندے، ادارے، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف انتھک کاوشیں کر رہے ہیں، فیلڈ ہسپتال قائم کئے جا رہے ہیں جو آئندہ 24گھنٹوں میں فعال ہو جائیں گے۔ وہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ سپرے کی ہدایت پر عمل نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس لئے یہ ادارے ڈینگی وائرس سے بچاﺅ کے لئے سپرے کو مکمل کرائیں۔ سیکرٹری ماحولیات ٹائر شاپس کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور ڈینگی وائرس کے لاروا کے مکمل سدباب کے بارے میں 48گھنٹوں میں رپورٹ پیش کریں۔ ڈی سی او کو ہدایت کی کہ وہ شہر سے مویشیوں کے مکمل انخلا کے بارے میں کل رپورٹ پیش کریں۔
شہبازشریف