امریکی جارحیت کی صورت مےں قوم پر جہاد فرض ہو جائےگا: 50مفتیوں کا فتویٰ

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سنی اتحاد کونسل سے وابستہ 50 مفتیان اہلسنّت نے امریکی دھمکیوں کے تناظر میں اجتماعی فتویٰ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پاکستان پر امریکی جارحیت کی صورت میں پوری قوم پر جہاد فرض ہو جائے گا جس میں اپنی اپنی طاقت اور صلاحیت کے مطابق ہر پاکستانی کی شرکت لازمی ٹھہرے گی۔ فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکومت اور مسلح افواج امریکہ کے ممکنہ حملے کا مقابلہ کے لئے تیاریاں شروع کر دیں کیونکہ شریعت اسلامیہ کے مطابق کسی بھی غیرملکی جارحیت کے مقابلہ کے لیے اپنے ”گھوڑے“ تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ فتویٰ جاری کرنے والے مفتیوں مےں علامہ پیر افضل قادری، فدا حسین شاہ، علامہ اطہر، محمد علی نقشبندی، اشرف جلالی، صفدر گیلانی، نصیر اویسی، خادم شرقپوری و دیگر شامل ہےں۔ فتویٰ میں مزید کہا گیا ہے کہ سپر پاور اللہ تعالیٰ ہے، امریکہ کو سپرپاور کہنا کفر ہے، حکومت شریعت کی حدود و قیود اور شرائط کے مطابق حقیقی جہاد فی سبیل اللہ کی حکومتی سطح پر تبلیغ کا اہتمام کرے اور ملکی دفاع اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے۔ حکومت امریکہ کے فرنٹ لائن اتحادی کا کردار ختم کرے اور نام نہاد امریکی اتحاد سے الگ ہو کر چین، ترکی، افغانستان اور ایران پر مشتمل اتحاد قائم کرنے کی کوششیں کرے۔ فتویٰ میں تمام قومی راہنماﺅں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نازک قومی مرحلے پر اپنے اختلافات پس پشت ڈال کر ملکی سلامتی، دفاع، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد ہو جائیں اور امریکہ کو پیغام دیں کہ پاکستان کی تمام مذہبی، سیاسی اور عسکری قیادت دفاع وطن کے لیے متحد ہے۔ فتویٰ میں جراتمندانہ موقف اختیار کرنے پر جنرل اشفاق پرویز کیانی کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ انہوں نے امریکہ کو دوٹوک جواب دے کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن