سپریم کورٹ کے باہر وقت نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ صدر زرداری کو ملکی اور بین الاقوامی استثنٰی حاصل ہے۔
وقت نیوز کی جانب سے صدر کے خلاف مقدمات کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر یہ کہہ کرآگے بڑھ گئے کہ ان کے خلاف کوئی مقدمات ہی نہیں توکیسزکی بحالی کیسی۔
اس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ آئینی اداروں کی ہم آہنگی ملکی سالمیت کے لئے ضروری ہے لیکن کچھ عناصر جمہوریت کو غیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں، اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے کرلئے جائیں گے۔ فاروق ایچ نائک نے بتایا کہ خط کے مسودے پر ججز کو کچھ تحفظات تھے تاہم عدالتی احکامات کی روشنی میں خط کے مندرجات لکھیں گے، اور اس کیلئے عدالت نے پانچ اکتوبر تک مہلت دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب کو عدالتی احکامات پرعمل کرنا چاہیے، کوئی بھی توہین عدالت کیس کا سامنا نہیں کرنا چاہتا۔
سپریم کورٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات قمرزمان کائرہ نے کہا کہ عدالت قانون کے مطابق کام کررہی ہے اورججزکا چیمبرمیں بلانا معمول کی بات ہے۔ حکومت کی طرف سے مزید وقت لینے کا یہ مطلب نہیں کہ حکومت غلط ہے۔
صدر کو ملکی اوربین الاقوامی استثنٰی حاصل ہے،تمام آئینی اداروں میں ہم آہنگی ہونی چاہئے۔ وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک
Sep 26, 2012 | 17:09