ڈیرہ غازیخان (نوائے وقت رپورٹ) ڈیرہ غازیخان کی پولیس نے 10 سالہ بچے پر چوری، ڈکیتی اور جوئے کا اڈہ چلانے کے 3 مقدمے بنا دئیے جو بعد میں اعلیٰ حکام کی مداخلت پر خارج کرنا پڑے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈی جی خان کے نواحی علاقے کالا میں پولیس دوسری جماعت کے طالب علم ارباز کو پکڑنے کیلئے پولیس بغیر وارنٹ اسکے گھر میں گھس گئی اور اہلخانہ کو پریشان کیا۔ دیہاتیوں نے بتایا کہ ارباز نے ایک پولیس والے کو پتھر مار دیا تھا جس پر اس اہلکار نے ارباز کیخلاف 3 ناجائز پرچے کٹوا دئیے۔ ارباز کی ضمانت اسکے غریب والدین نے ایک وکیل سے ملکر کروائی۔ ادھر ڈی پی او اور ڈی جی خان نے کہا ہے کہ پولیس کو بچے کا بھائی مقدمات میں مطلوب تھا اسے پکڑنے کیلئے یہ کارروائی کی گئی بچے ارباز کیخلاف تینوں مقدمے خارج کردیئے گئے۔