مکرمی!موجودہ سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات سے کسی کو انکاری نہیں کہ فوج آئین کی سربلندی اور جمہویت کے تسلسل پر غیر متزلزل یقین رکھتی ہے اور موجودہ فوجی قیادت کی موجودگی میں پاکستان کے معاشی استحکام‘ پارلیمنٹ کے تقدس اور جمہوریت کے مستقبل کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ فوج نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ یقیناً پیشہ وارانہ اور انکے فرائض کا حصہ ہیں۔ اپنے فرائض کی بجا آوری میں قوم پاک فوج کے ہم قدم ہے۔ آج پارلیمنٹ میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کوئی فرق نہیں رہا۔ جمہوریت کو بچانے کیلئے سب یکجہت ہو چکے ہیں۔ بہتر ہے کہ کوئی بھی سیاستدان فوج اور آرمی چیف کے سیاست کے بارے میں خیالات اور کردار کو مثبت و منفی زیر بحث نہ لائے۔ ایسے بیانات سے فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کا تاثر بحرحال پایا جاتا ہے۔ موجودہ سیاسی بحران کو حل کرنے کیلئے کچھ دو اور کچھ لو کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے حکومت اور دھرنے والوںسے بات چیت کے ذریعے ہی جلد حل تلاش کیا جائے۔ (محمد ضیاء آفتاب ‘ نیو گارڈن ٹائون‘ لاہور)
فوج کو سیاست میں گھسیٹنے سے گریز کیا جائے
Sep 26, 2014