ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا، عیدالاضحی 6 اکتوبر بروز پیر ہو گی: مفتی منیب

کراچی (این این آئی) مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا، یکم ذی الحج (کل) ہفتہ اور عیدالاضحی 6اکتوبر بروز پیر ہو گی۔ قبل ازیں چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کی زیرِ صدارت میٹ کمپلیکس، محکمہ¿ موسمیات کراچی میں منعقد ہوا۔ زونل کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز پر منعقد ہوئے۔ محکمہ موسمیات کے چیف میٹریالوجسٹ، سپارکو کے چیف منیجر سپیس نے فنی معاونت کی۔ محکمہ¿ موسمیات نے اجلاس کے انعقاد کے لئے انتظامی سہولتیں فراہم کیں۔ ملک بھر میں کسی جگہ سے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ¿ موسمیات کے تقریباً 50مراکز، تمام زونل کمیٹیوں اورجامعة الرشید شعبہ¿ فلکیات کے تقریباً چالیس مراکز سے عدم رویت کی اطلاعات موصول ہوئیں، لہٰذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا یکم ذی الحجہ 1435ھ بروز ہفتہ 27ستمبر کو ہو گی اور عیدالاضحی بروز پیر06 اکتوبر کو ہو گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق غروب آفتاب کے بعد چاند 7 بج کر 6 منٹ تک دیکھا جا سکتا تھا۔ اس دوران ملک کے کسی بھی حصے سے چاند کی رویت کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ علاوہ ازیں بنگلہ دیش میں بھی ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا اور عیدالاضحی 6 اکتوبر کو ہو گی۔
چاند/عید

ای پیپر دی نیشن