کراچی (وقائع نگار) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات اور پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے عمران خان کے دھرنوں میں اسرائیلی روپے خرچ کئے جارہے ہیں اور اس کا مقصد ملک میں جمہوریت کا خاتمہ کرنا ہے۔ ہمیں کوئی نیا پاکستان نہیں بلکہ قائد اعظم، آئین کے موجد ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو والا پاکستان چاہئے۔ آمروں کو ریفرنڈم میں ووٹ دینے اور سڑکوں پر ناچ گانے والوں کا پاکستان ہم نہیں چاہتے۔ سیاست میں مخالفت ضرور ہوتی ہے لیکن دشمنیاں نہیں ہوتی۔ عمران خان پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کے حوالے سے اپنی زبان کو لگام دیں ورنہ عوام کو بھی اس کا جواب دینا آتا ہے۔ سندھ اسمبلی میں بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا گذشتہ روز عمران خان نے جوش خطابت میں جس طرح کی بدتمیزی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کا تمسخر اڑایا اس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔ عمران خان کی جانب سے بلاول بھٹو کے دورہ پنجاب میں سکیورٹی پر ساڑھے سات سو سے زائد پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا عمران ثابت کردیں تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔ شرجیل میمن نے اپنے جذباتی اور پرجوش خطاب کے دوران متعدد بار عمران خان کو متنبہ کیا وہ محمود اچکزئی، مولانا فضل الرحمان اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماﺅں کے خلاف اپنے الفاظ کا چناﺅ سوچ سمجھ کر کریں۔
شرجیل میمن