انچیون (رپورٹ: چودھری اشرف) 17 ویں ایشین گیمز کے لیگ میچ میں پاکستان نے بھارت کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دیکر گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کے ساتھ ایونٹ کے سیمی فائنل میں بھی رسائی حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کی جانب سے عمر بھٹہ اور محمد وقاص نے ایک ایک گول کیا۔ میچ کا آغاز انتہائی تیز رفتاری سے ہوا۔ پہلے دو کوارٹرز میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر متعدد حملے کیے لیکن کھلاڑی بال کو جال کی راہ دکھانے میں ناکام رہے۔ میچ کے تیسرے کوارٹر کے 8 ویں منٹ میں عمر بھٹہ نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلائی۔ چوتھے کوارٹر میں بھارت نے میچ میں واپس آنے کی کوشش کی اور اس ہاف کے 8 ویں منٹ میں بھارت کے نیکن تمیا چندانہ نے گول کر کے مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا۔ تاہم اگلے ہی منٹ میں پاکستان کی ایک اچھی موو پر محمد وقاص نے بال کو جال میں ڈال کر قومی ٹیم کا پلڑا ایک مرتبہ پھر بھاری کر دیا۔ محمد وقاص کے گول سے پاکستان کو ملنے والی برتری میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ و منیجر شہناز شیخ کا کہنا ہے کہ ابھی ٹورنامنٹ میں دو اہم میچ باقی ہیں جس میں کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنا ہے۔ دونوں ٹیموں نے میچ میں اچھا کھیل پیش کیا۔ بھارت کے خلاف لیگ میچ میں کامیابی سے کھلاڑیوں کے مورال میں اضافہ ہو گیا ہے انشاءاﷲ فائنل جیت کر نہ صرف اولمپک کے لیے کوالیفائی اور ایشین گیمز کا کامیاب دفاع کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی باڈی لینگوئج جس طرح کی تھی مجھے یقین تھا کہ بھارت کو تین گول کے مارجن سے مات دینگے۔ پاکستان ٹیم کا گول کیپر عمران بٹ ٹھیک ہے۔ اس بات کے امکانات روشن ہیں کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان فائنل میچ ہو۔ کوریا میں مقیم پاکستانیوں سمیت ایشین گیمز میں شرکت کرنے والے قومی دستے کے کھلاڑی بڑی تعداد میں دو روایتی حریفوں کے درمیان میچ کو دیکھنے آئے تھے اور پاکستانی ٹیم کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ ہاکی ٹیم کی جیت کی خوشی میں ملک بھر میں جشن منایا گیا۔ نوجوان پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے سڑکوں پر نکل آئے اور مٹھائیاں تقسیم کرتے رہے۔ اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے۔ ادھر پاکستانی کھلاڑی کو زخمی کرنے پر ٹیم مینجمنٹ نے بھارتی ٹیم کے خلاف شکایت کر دی ہے۔ بھارتی کھلاڑی نے پاکستانی پلیئر عماد بٹ کو میچ کے دوران زخمی کر دیا تھا۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قومی ہاکی ٹیم کی شاندار فتح پر قوم اور ہاکی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
ہاکی/ فتح