دھرنوں نے عوام میں حکمرانوں کے ظلم کے سامنے ڈب جانے کا حوصلہ پیدا کر دیا : شجاعت، پرویز الہیٰ

Sep 26, 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) ق  لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین اور سینئر مرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ چودھری ظہورالٰہی شہید کی طرح ظلم و ناانصافی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، شہباز شریف کے کئی چہرے اور زبانیں ہیں لیکن اصل چہرہ قاتل و ظالم کا ہے جو عوام نے دیکھ لیا ہے، سانحہ ماڈل ٹائون کے شہداء کا خون رنگ لا کر رہے گا، دھرنے کامیاب ہوں گے، دھرنوں نے عوام میں اپنے حقوق کیلئے شعور بیدار کیا، ہمارا اور ڈاکٹر طاہرالقاری کا 10 نکاتی پلان آئین و قانون کے مطابق ہے لیکن اگر عوامی فلاح و بہبود کیلئے آئین میں ترمیم کرنا پڑی تو اس سے بھی گریز نہیں کریں گے، سیلاب زدگان کی ہم عملی مدد جبکہ حکمران ٹوپی ڈرامے اور فوٹو سیشن کر رہے ہیں۔ دونوں قائدین ظہور الٰہی ہائوس گجرات میں چودھری ظہورالٰہی شہید کی برسی پر اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری ظہیر الدین، میاں عمران مسعود، حسین الٰہی، محمد الٰہی نے بھی خطاب کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عوام کے حقوق کیلئے جہاں تک جانا پڑا جائیں گے، دھرنے کے بہتر نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، لوگ ظلم و زیادتی کے سامنے سینہ تان کر کھڑے ہونے لگے ہیں اور کسی حکمران کو عوامی حقوق غصب کرنے کی جرأت نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اپنے عظیم والد کی شہادت کے بعد کسی ظلم و زیادتی کا حصہ نہ بننے کا عہد کیا تھا، اللہ کے فضل و کرم سے میں اس پر قائم ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ہم ظلم و انصافی کیخلاف چودھری ظہورالٰہی شہید کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، حالات اُس دور سے بھی بدتر ہیں، نہتے شہریوں اور ظلم کیخلاف احتجاج کرنے والوں کو سیدھی گولیاں ماری جا رہی ہیں، لاکھوں لوگوں کو سیلاب میں ڈبو کر عملی امداد کی بجائے زبانی جمع خرچ کیا جا رہا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے میاں شہبازشریف کے دس چہروں اور زبانوں کا ذکر کرتے ہوئے بجلی کا بحران 6 ماہ میں حل کرنے، آصف زرداری کو سڑکوں پر گھسیٹنے، سانحہ ماڈل ٹائون میں ذمہ دار قرار پانے پر استعفیٰ دینے، دھرنے والوں کے ایک کے سوا تمام مطالبات مان لینے، فوج پر سازش کرنے کا الزام لگانے اور پھر اپنی ان تمام باتوں سے صاف مکر جانے کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہتے ہیں دھرنا ناکام ہو گیا ہے جبکہ جمعہ کو اس کا ورلڈ ریکارڈ بن جائے گا، دھرنوں نے عوام میں حکمرانوں کے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کا حوصلہ پیدا کیا ہے، اب تو شہبازشریف کی آمد پر ٹریفک بلاک کرنے پر لوگ گونوازگو کے نعرے لگاتے ہیں۔  گونوازگو کا نعرہ ہر دل کی آواز بن چکا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے سیلاب زدہ علاقوں میں عملی طور پر کوئی رعایت نہ دینے کا تفصیل سے ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکمران مخلص ہوتے تو فصلوں کے نقصان کے تخمینہ لگا کر کسانوں کی مدد کرتے، مالیہ، زرعی ٹیکس اور زرعی قرضے معاف کرتے۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کی آنکھوں میں چودھری ظہورالٰہی شہید سے محبت اور عقیدت کا عکس دیکھتا ہوں۔ چودھری شفاعت حسین کے صاحبزادے محمد الٰہی نے کہا کہ آپ میرے دادا کیلئے دعا کرنے آئے ہیں، میں وعدہ کرتا ہوں کہ ہماری نئی نسل بھی ہمیشہ خدمت کرنے اور آپ کے کام آنے کی کوشش کرے گی۔ چودھری ظہورالٰہی شہید کی 33 ویں برسی کے اس اجتماع میں ق لیگ اور ہر شعبہ حیات کے سرکردہ افراد کے علاوہ عوام کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔چودھری وجاہت حسین اور چودھری شفاعت حسین خود مہمانوں کو خوش آمدید کہتے رہے۔

مزیدخبریں