ڈیرہ مراد جمالی/ باجوڑ ایجنسی/ لاہور (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) ڈیرہ مراد جمالی میں ایف سی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریلوے ٹریک کو تباہی سے بچالیا۔ بم نصب کرنے والا دہشت گرد فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگیا جبکہ بم اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ باجوڑ ایجنسی میں بم دھماکے کے دوران ایک قبائلی رہنما جاں بحق ہوگیا۔ لاہور میں سرچ آپریشن کے دوران 36 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے میں ایف سی کے اہلکار ریلوے ٹریک کی نگرانی کر رہے تھے ایک دہشت گرد کو دیکھا کہ وہ ٹریک پر بم نصب کر رہا تھا، جونہی ایف سی کے اہلکار اس کے قریب پہنچے تو دہشت گرد نے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی اور فرار ہونے لگا۔ ایف سی اہلکاروں نے اس کا تعاقب کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد مارا گیا ، اس کے قبضہ سے 5 کلو دیسی ساختہ بم ، ایک ایس ایم جی، ڈیٹو نیٹر، ریموٹ اور وائیر وغیرہ برآمد ہوئی ہے۔ مارے جانے والے دہشت گرد کی شناخت ظفر بگٹی کے نام سے ہوئی ہے جو کالعدم تنظیم کا مقامی کمانڈر تھا۔ ادھر باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند کے علاقے ترخومکے میں دھماکے میں ایک قبائلی رہنما جاں بحق ہوگیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بم سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے میں قبائلی رہنما ملک فضل منان دم توڑ گیا جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ بم دھماکہ گاڑیوں کے سروس سٹیشن پر ہوا۔ علاوہ ازیں لاہور میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 36 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران لاری اڈا اور اس کے گرد و نواح میں ہوٹلوں، سراﺅں اور دیگر مقامات پر چیکنگ کی۔ ادھر سوات میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کو گرفتار کرکے دو ہینڈ گرنیڈ اور ایک پستول برآمد کرلیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق دہشت گرد عبدالجلیل کے قبضے سے دستی بم اور ایک پستول برآمد کرلیا گیا۔ ہنگو سے نامہ نگار کے مطابق ہنگو پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزموں اور 8 مشتبہ افراد گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے اور مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ بیورو رپورٹ کے مطابق پشاور کینٹ میں ہائر سیکنڈری سکول کے قریب مشکوک بیگ نے پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کی دوڑیں لگا دیں۔ بی ڈی یو نے روبوٹ کے ذریعے بیگ کو کلیئر قرار دے دیا۔ادھر پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں میچ جیتنے پر فائرنگ کے دوران کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کانسٹیبل الیاس میچ میں شریک تھا۔
دہشت گرد ہلاک
ڈیرہ مراد جمالی : جھڑپ میں دہشت گرد ہلاک‘ باجوڑ بم دھماکہ قبائلی رہنما جاں بحق
Sep 26, 2016