پانامہ لیکس‘ عمران کے خلاف ریفرنس اپوزیشن پارلیمانی رہنماﺅں کا اجلاس آج ہوگا‘ اے این پی کا اختلاف رائے

Sep 26, 2016

اسلام آباد (صباح نیوز) پانامہ لیکس کے معاملے پر پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی مشترکہ حکمت عملی کیلئے اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماﺅں کا اجلاس آج دو بجے پارلیمنٹ ہاﺅس میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے الیکشن کمشن کو ریفرنس بھیجنے سے پیدا شدہ صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔ اس معاملے پر پہلے ہی قومی اسمبلی میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ پارلیمنٹ میں پانامہ لیکس پر قانون سازی سے متعلق کارروائی کے ضمن میں اپوزیشن جماعتیں لائحہ عمل طے کریں گی۔ حکومت اور اپوزیشن کے دو الگ الگ بلز پارلیمنٹ کے سامنے ہیں۔ مشاورتی اجلاس میں پانامہ لیکس کی غیرجانبدارانہ تحقیقات سے متعلق بل کی سینٹ سے منظوری کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔ اجلاس میں پی پی پی‘ تحریک انصاف‘ جماعت اسلامی‘ ایم کیو ایم اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنما شریک ہونگے۔ یاد رہے کہ اے این پی نے اپوزیشن کے مجوزہ بل پر اختلاف رائے کیا ہے۔ ترجمان اے این پی کے مطابق پارٹی نے پارلیمنٹ اور خیبر پی کے اسمبلی میں قانون سازی کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کر دی ہے۔
اپوزیشن اجلاس

مزیدخبریں