لاہور(خبرنگار) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ظالم دنیا میں تنہا ہوتا ہے، تنہائی سے بچنے کیلئے بھارت کو کشمیریوں پر ظلم بند کرنا ہو گا۔ بھارت کشمیری عوام پر ستم ڈھا رہا ہے۔ کشمیریوں کا غصہ کم کرنا نئی دہلی کی ذمہ داری ہے، بلوچستان سے اےک بھی آواز اےسی نہےں جو بھارتی وزےر اعظم کو خوش کر سکے، پاکستان زندہ باد کہنا ان کو اچھا نہیں لگتا لےکن بلوچستان سے پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجتے رہیں گے، بھارت اگر سی پےک منصوبے کی مخالفت کرے گا تو وہ خود ہی دنیا سے تنہا ہوجائے گا، عمران خان کراچی، پشاور سمیت ہر جگہ سے لوگوں کو ہلہ گلہ کرنے کیلئے رائےونڈ جمع کررہے ہیں۔ اس کے برعکس وزیر اعظم محمد نواز شریف پاکستان کو خنجراب سے گوادر تک ملانے کی کوشش کررہے ہیں، تحریک انصاف کا 30ستمبر کو میلہ ہوگا اور اکتوبر میں خالی ٹھیلہ ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے ہر کالج، ہر پلے گراﺅنڈ میں پاکستانی جمع ہوکر وطن کا قومی ترانہ گاتے ہیں، بلوچستانی دوسرے پاکستانےوں کی طرح سب سے بڑھ کر پاکستانی ہیں۔ اصل مےں بلوچستان سے پاکستان زندہ باد کے نعرے مودی کو اچھے نہیں لگتے لےکن وہ بلوچستان سے پاکستان زندہ باد کے نعرے سنتے رہیں گے۔ چین اور پاکستان نے کبھی نہےں کہا کہ سی پیک منصوبہ صرف پاکستان اور چین کیلئے ہے، سی پیک منصوبے سے پوری دنیا کو فائدہ ہوگا، اگر چین سے تھوڑے وقت اور کم قیمت میں دنیا کو چیزیں پہنچیں تو اس سے پوری دنیا کو فائدہ ہوگا، دنیا کا را مٹیریل اور دوسری چےزےں پاکستان کے راستے چین تک گزر کر جائیں گی، پاکستان میں بھی صنعتی حب بنیں گے۔ توانائی منصوبے لگیں گے۔ سی پیک کے منصوبے میں یہ بات شامل ہے کہ انڈسٹریل زون بنیں گے۔ اگر پاکستان مےں اچھی سڑک ہوگی، اچھی ریل کی پٹڑی ہوگی اور اچھی بندر گاہ ہوگی، بندرگاہ صرف دو ملکوں کے لئے نہیں ہوتی بلکہ تمام ملک بندرگاہوں کا استعمال کرتے ہیں۔ اگر بھارت سی پےک منصوبے کی مخالفت کرتا ہے تو وہ ساری دنیا کی مخالفت کررہا ہے اس طرح بھارت خود ہی دنیا سے تنہا ہوجائے گا۔ عمران خان پورے ملک سے لوگوں کو رائیونڈ جمع کرنے کی کوشش کررہے ہیں جس کے لئے انہوں نے کروڑوں روپے خرچ کردئیے ہیں۔ نواز شریف ملکی ترقی کیلئے کوشش کررہے ہیں لیکن عمران خان کراچی سے پشاور تک لوگوں کو ہلہ گلہ کرنے کے لئے رائےونڈ جمع کررہے ہیں، عمران خان 30ستمبر کو میلہ کر لیں گے تو اکتوبر میں انکا ٹھیلہ خالی ہوجائے گا، انشاءاللہ پاکستان ترقی کے سفر پر چلتا رہے گا۔ عمران خان نے ساڑھے تین سال میں جوسیاست کی اسے ہم نے صبروتحمل سے برداشت کیا اور عمران خان کو سیاست کا بیڑا غرق کرنے اور اپنی جماعت کو برباد کرنے کا جو ہنر آتا ہے وہ صرف انہی میں موجود ہے وہ نہ کسی دوسری جماعت اور نہ کسی سیاسی رہنما میں ہے۔ ہم نے خاموشی، صبر، تدبر سے انکی تمام غلط سیاست کو برداشت کیا۔ ہم 2018ءکے عام انتخابات میں اپنی پانچ سالہ کارکردگی عوام کو دکھائیں گے، ان کے پانچ سال کے کرتوت بھی عوام کو یاد کرائیں گے، اب عمران خان کی باتوں کا وزیراعظم محمد نواز شریف کو جواب نہیں دینا پڑے گا، مسلم لیگ (ن) نے اس کیلئے نوجوانوں کی جونیئر ٹیم تیار کرلی ہے جو عمران خان کے لئے کافی ہوگی۔ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ کی دھمکیاں اور گیدڑ بھبکیاں دے رہا ہے لیکن وہ جنگ کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔بھارت جنگ کا ماحول پیدا کرکے دنیا کو دھوکا دے رہا ہے مگر اب اس سے دھوکے کی سیاست سنبھالی نہیں جارہی۔
پرویز رشید