گجرات + لاہور (نامہ نگار+خبرنگار ) ق لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، چودھری وجاہت حسین اور چودھری شفاعت حسین نے چودھری ظہور الٰہی کی 35ویں برسی پر اس عزم کا اظہار کیا ہے ہم شہید کے بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے عوام کی خدمت، تحفظ اور پاکستان کی سربلندی کا مشن جاری رکھیں گے، ظہور الٰہی ہاﺅس میں اجتماع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا نوازشریف نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر کوئی نئی بات نہیں کی، 70سال سے پاکستان کا ہر حکمران یہی مو¿قف پیش کرتا آ رہا ہے۔ ہمارے تمام قومی اداروں نے نوازشریف کو مودی کے خلاف بلوچستان میں مداخلت اور پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت دئیے لیکن انہوں نے جنرل اسمبلی میں اپنی تقریر میں ان کا ذکر تک نہیں کیا، حالانکہ مودی خود بنگلہ دیش کی علیحدگی کیلئے دہشت گردی کا اعتراف کر چکے ہیں اور اب بلوچستان میں ’را‘ کے ذریعہ تخریب کاری،دہشت گردی کی کارروائیوں میں حاضر سروس بھارتی فوجی افسر کل بھوشن کی گرفتاری کے بعد یو این او کی قرارداد 1373 کے تحت مودی حکومت پاکستان کے خلاف جنگ اوردہشت گردی کی مجرم ہے لیکن نوازشریف نے مودی کی دوستی میں اس پر کوئی بات نہیں کی کیونکہ وہ ان کو اپنے گھر شادی پر بلاتے ہیں، یہی وجہ ہے نواز شریف پاکستان میں ہندوستان کی بدترین دہشت گردی اور براہمداغ بگٹی کو ابراہیم کے نام سے بھارتی شہریت دینے کے بارے میں بھی چپ ہیں۔ انہوں نے کہا مودی نے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اسے لگ پتہ جائے گا، جہاد کے فتویٰ کے بعد بھارت کا کیا حال ہو گا وہ خود اندازہ لگا سکتے ہیں، پاکستانی قوم اور تمام جماعتیں بھارت کے خلاف اکٹھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نواز، شہبازشریف حکومت نے صحت، تعلیم سمیت تمام شعبوں کا بیڑا غرق کر دیا ہے، ہر کوئی سڑکوں پر ہے، یہ ٹماٹر، آلو اور دیگر بھارتی سبزیاں منگوا کر پاکستانی کسانوں کو برباد اور بھارتی کسانوں کا فائدہ کر رہے ہیں، انہیں صرف جنگلہ بس اور ڈالر بناﺅ ٹرین، اپنی ذاتی معیشت اور بھارت کو نوازنے کی فکر ہے لیکن جب ان کی حکومت گئی تو ان کے وزن کے نیچے یہ خود ہی دب جائیں گے۔ اللہ نے اگر ہمیں دوبارہ موقع دیا تو ہم پھر ایسے کام کریں گے جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئے، ن لیگ والے تو ابھی تک لاہور رنگ روڈ مکمل نہیں کر سکے جبکہ سرکاری ہسپتال بھی ٹھیکے پر دینے کو تیار ہیں، ہم نے پہلے کسی سے انتقام لیا نہ آئندہ لیں گے۔ چودھری ظہورالٰہی کی برسی گجرات میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی، قرآن خوانی کے بعد قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی ہوئی۔ اجتماع سے چودھری ظہیرالدین اور میاں عمران مسعود نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ن لیگ کے زونل صدر چودھری اعجاز احمد گوندل نے ساتھیوں سمیت ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ظہور الٰہی/ برسی