لندن (سپورٹس ڈیسک ) انٹر نیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بیچ نے کھیلوں میں ممنوعہ ادویات کے استعمال کو روکنے کیلئے حکومتوں سے مد د مانگ لی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اولمپکس گیمز سے قبل روسی کھلاڑیوں کے ڈوپنگ سکینڈ ل کے بعد تمام ممالک کی حکومتوں سے درخواست کرتاہوں کہ وہ ہماری مدد کریں تاکہ ممنوعہ ادویات استعمال کرنے والے کھلاڑیوں کی دھوکہ دہی کو پکڑا جاسکے ۔ ڈوپنگ کی چیکنگ کیلئے پہلے ہی ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی واڈا کام رہی ہے ۔واڈا کو مزید شفاف بنایا جائے گا تاکہ کوئی اس پر الزام عائد نہ کرسکے ۔یہ وقت ہے کہ تمام ممالک اس سلسلہ میں تعاون کریں ۔واڈا ڈوپنگ کیخلاف لڑرہی ہے اور ہمیں اس کی مدد کرنی ہے ۔اولمپک کونسل آف ایشیا کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم واڈا کا کردار مزید بڑھانا چاہتے ہیں ۔ حکومتیں اس سلسلہ میں اپنا کردار ادا کریں ۔ہم چاہتے ہیں کہ اس سلسلہ میں نیشنل فیڈریشنز خود فیصلے کریں ۔تمام سسٹم مزید شفاف ہونا چاہئے۔جو بھی ناکامی کا ذمہ دار ہو اس پر پابندی عائد ہونی چایئے۔ہمیں عوام کوان تمام حقائق سے آگاہ رکھنا چاہیے۔
آئندہ ماہ سوئٹز رلینڈ میں 2017ءمیں ہونے والی گلوبل کانفرنس سے قبل ڈوپنگ سمیت تمام مسائل پر بحث کی جائے گی ۔سب کو تمام چیلنجز سے آگاہ ہونا چاہئے اور شفاف اتھلیٹس کو آگے لایا جائے گا۔اتھلیٹس کی شفافیت کیلئے آئی او سی شارٹ نوٹسز جاری کر کے تحقیقات کر کے کارروائی کرسکتی ہے ۔یہ صاف ظاہر ہے کہ اس کیلئے ہمیں واڈا سسٹم کو دیکھنا ہوگا۔ہم چاہیں گے کہ واڈا کو مزید شفاف اور کرپشن سے پاک کیا جائے ۔