بھارت کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھے سیزیز کھیلنے کیلئے تیار ہیں : مصباح الحق

Sep 26, 2016

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ اگر بھارت ورلڈ کپ سمیت آئی سی سی ٹورنامنٹس میں پاکستان کے ساتھ کھیل سکتا ہے تو اسے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز بھی کھیلنی چاہیے۔ ہمیشہ کہتا ہوں کو کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھا جانا چاہیے۔ پنجاب یونیورسٹی کے تحت ہونے والے دو روزہ ٹرائلز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم آسان حریف نہیں ہے کسی بھی وقت مخالف ٹیم کے لیے مشکلات کھڑی کر سکتی ہے۔ مختصر فارمیٹ کی ورلڈ چیمپیئن ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان ٹیم کا ٹی ٹونٹی سیریز جیتنا خوش آئند ہے، اس کامیابی کے پیچھے انگلینڈ کے خلاف میچ میں اچھی بیٹنگ کا تسلسل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز ٹیم کے موجود سکواڈ میں تین سے چار تجربہ کار اور خطرناک کھلاڑی موجود نہیں ہیں اس کے باوجود بھی حریف ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا ہے۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی کا فائدہ پاکستان ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بھی اٹھانا چاہیے۔ ون ڈے سیریز کا ہر میچ اہمیت کا حامل ہے۔ قومی ٹیم میں نئے کھلاڑی ہیں اس کے باوجود ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے کے امکانات روشن ہیں۔ ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ مجھے صرف نائٹ کرکٹ نظر آتی ہے۔ ڈے نائٹ ٹیسٹ میں استعمال ہونے والی پنک بال کا زیادہ تجربہ نہیں ہے اس میں بلے بازوں اور فیلڈروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مجھے فیوچر نائٹ کرکٹ کا نظر آ رہا ہے۔ سعید اجمل اور شاہد آفریدی کا نام لیے بغیر قومی کپتان کا کہنا تھا کہ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان اچھے تعلقات ہونے چاہیے تاکہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل باہمی رضا مندی کر لی جائے اس سلسلہ میں واضح پالیسی ہونی چاہیے۔ مصباح الحق نے کہا کہ نچلی سطح پر کھیلوں کو فروغ ملنا چاہئے اور انٹر یونیورسٹی کرکٹ کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے تاکہ ٹیلنٹ سامنے آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو مہیا کی جانے والی بنیادی ضروریات پر کام ہونا چاہئے۔

مزیدخبریں