غربت کے خاتمے اور سارک ملک کے عوام کی ترقی کیلئے بدعنوانی کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے: صدر ممنون

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ہر قسم کے دباﺅ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے کے لیے کام کرنا ضروری ہے کیونکہ کرپشن ایک عالمی مسئلہ ہے جس پر تمام ممالک کو مل کر حکمت عملی بنانا ہو گی۔ انہوں نے یہ بات جنوبی ایشیائی ممالک کی تنظیم ”سارک“ کے مندوبین سے گفتگو کے دوران کہی جس میں بھوٹان ، بھارت ، مالدیپ، نیپال اور سری لنکا کے علاوہ دیگر رکن ممالک کے مندوبین بھی شریک تھے۔ یہ وفد قومی احتساب بیورو (نیب) کے زیراہتمام کرپشن کے خاتمے کے لئے سیمینار میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر ہے۔ ملاقات میں چیئرمین قومی احتساب بیورو قمر زمان چوہدری اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ترقی پزیر ممالک میں بد عنوانی کی وجہ سے وسائل کا ضیاع تشویشناک ہے۔ غربت کے خاتمے اور سارک ممالک کے عوام کی ترقی کے لیے بدعنوانی کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوان عناصر کو ضرور پکڑا جائے لیکن ان کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کے دوران اختیارات کا استعمال احتیاط سے کیا جائے تاکہ بے قصور لوگ نشانہ بننے سے محفوظ رہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ عالمی برادری اپنے وسائل کو بچانے کے لیے بدعنوانی کے خاتمے پر یکسو ہے اور اس میں کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ حکومت ملک میں کرپشن کے خاتمے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں بلا امتیازکارروائی کی جار ہی ہے کیونکہ پاکستانی حکومت کرپشن کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہے۔ حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عالمی اداروں نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومتی اداروں میں کرپشن کے خاتمے اور شفافیت لانے کے لیے حکومت نے اہم اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان ایشائی ممالک کے ساتھ معاشی اور معاشرتی تعلقات کی مضبوطی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ وفد نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پاکستان سے تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اورخطے میں امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

ای پیپر دی نیشن