اسلام آباد(آئی این پی ) چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے چین کی جانب سے پاکستان کی سلامتی ، علاقائی سالمیت اور استحکام کے لئے مکمل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ اس کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے بھرپور تعاون جاری اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا ، عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں کے پیش نظر امن اور ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے، ایک خوشحال اور مضبوط چین عالمی امن اور ترقی میں اپنا کرداربہتر طور پر ادا کرے گا جبکہ چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے چین اور اسکے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک کی بہت سے علاقائی اور بین الاقوامی مسئلوں پر یکساں پوزیشن ہے۔ دونوں ممالک ترقی اور خوشحالی کا راستہ طے کر رہے ہیں۔ پیر کوچین کی 68ویں سالگرہ پر چینی سفارتخانے کی جانب سے چینی سفیر سن وی ڈونگ اور ان کی اہلیہ میڈم باﺅ نے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا ، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی ، وزراء، سیاستدان ، سینئر فوجی اہلکار ، سفارتکار اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے استقبالیہ میں شرکت کی ۔ اس موقع پر پاکستان اورچین کا قومی ترانہ بجایا گیا اور کیک کاٹنے کا اہتمام کیا گیا ۔ مہمانوں میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی ، گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ، گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا ، چودھری شجاعت حسین ، مشاہد حسین سید ، مولانا فضل الرحمان ، شریں رحمان ، رحمان ملک اور فردوس عاشق اعوان شامل تھیں ۔ اس موقع پر وفاقی وزراءسکندر حیات بوسن ، عبدالقادر بلوچ ، بلیغ الرحمان اور سکیورٹی ایڈوائزرلیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ بھی موجود تھے۔