نوازشریف نے فوج اور عدلیہ کو بدنام کرنے کی بہت کوشش کیں: شجاعت

Sep 26, 2017

گجرات (نامہ نگار) چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ فوج اور عدلیہ کو نیچا دکھانے کی نوازشریف کی گھنائونی سازش انشاء اللہ ناکام ہو گی وہ چودھری ظہور الٰہی شہید کی برسی پر گجرات میں اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ چودھری وجاہت حسین اور حسین الٰہی بھی تقریب میں شریک تھے۔ شرکا چودھری ظہور الٰہی کے حق میں نعرہ بازی کرتے رہے۔ چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا میں نے آج تک پاکستان میں اتنا برا وقت نہیں دیکھا، نوازشریف نے ذاتی انا کیلئے ہر وہ کام کرنے کی کوشش کی جو ان کے حق میں اور ملک کے خلاف ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہر جگہ گو نواز گو ہو رہا ہے، مسجد نبوی میں بھی چور چور کے نعرے لگ گئے اس سے زیادہ اور کیا بے عزتی ہو سکتی ہے، انہیں اپنا نہیں تو اپنے مرحوم والد کا ہی خیال کرنا چاہئے، نوازشریف نے تو اپنی بیٹی کو بھی نہیں معاف کیا، جعلی دستاویزات پر اس کے دستخط کرا لیے اور پھر کہتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا۔ سپریم کورٹ اور فوج دو ایسے ادارے ہیں جن پر جتنا فخر کیا جائے کم ہے لیکن نوازشریف نے ان دونوں اداروں کو بدنام کرنے کی بہت کوشش کی، سپریم کورٹ پر آفرین ہے کہ وہ ساری چیزیں بڑے حوصلے کے ساتھ برداشت کر رہی ہے، میں پیشگی کہہ رہا ہوں کہ نئے دن آنے والے ہیں اور حالات جلد تبدیل ہو جائیں گے۔ چودھری ظہیرالدین نے کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف سانحہ ماڈل ٹائون کے ذمہ دار ہیں، چودھری ظہور الٰہی نے جمہوریت کیلئے اپنی جان قربان کر دی۔ سردار آصف نکئی، ریاض اصغر چودھری، سعادت نواز اجنالہ، ڈاکٹر زین علی بھٹی، چودھری طاہر ترکھا، امتیاز رانجھا، چودھری مقصود گجر، چودھری عبداللہ یوسف، خالد اصغر گھرال، رحمن نصیر، پرویزاختر پگانوالہ، مخدوم بابر، ذوالفقار پپن، حق نواز سنگلہ اور دیگر مسلم لیگی رہنما سٹیج پر موجود تھے۔

مزیدخبریں