اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کے خلاف نیب ریفرنسز پر کارروائی روکنے کے حوالے سے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی گئی۔ درخواست شہری شاہد اورکزئی کی جانب سے دائر کی گئی۔ جس میں استدعا کی گئی ہائی کورٹ ماتحت عدالت میں نیب ریفرنسز پر کارروائی روکنے کے لئے حکم امتناعی جاری کرے۔ درخواست میں کہا گیا ریفرنسز کا مقصد آئندہ انتخابات سے قبل شریف خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔ درخواست میں کہا گیا آئین کا آرٹیکل 203 ہائی کورٹس کو ماتحت عدالتوں کی نگرانی اور کنٹرول کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلہ میں ملزمان سے رقم کی وصولی کا حکم نہیں دیا اور ریفرنسز دائر کرنے کا کہا۔ قومی احتساب بیورو اب پورے ملک میں موثر نہیں ہے۔