پشاور(این این آئی) تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات میں کم وقت رہ جانے کے باعث سابق وزیر ضیاءاللہ آفریدی کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے باوجود انکی نااہلی کا ریفرنس نہ بھیجنے پر اتفاق کیا ہے تاکہ ضمنی الیکشن میں غیرمتوقع شکست سے بچا جا سکے۔سابق وزیر معدنیات ضیاءاللہ آفریدی کی پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کے وقت تحریک انصاف نے ضیاءاللہ آفریدی کو اسمبلی رکنیت سے نااہل قراردلوانے کےلئے سپیکر کو ریفرنس بھیجنے پر اتفاق کیا تھا کہ جب وہ باقاعدہ شمولیت اختیار کرلیں تب ہی ریفرنس کے بارے میں غور کیا جائیگا اب جبکہ ضیاءاللہ آفریدی باقاعدہ پیپلزپارٹی میں شامل ہو چکے ہیں اس کے باوجود تحریک انصاف کی قیادت ان کی نااہلی کیلئے ریفرنس بھجوانے سے گریز کر رہی ہے۔