پاکستان کے تعلیمی نظام میں مزید بہتری کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے،جوداد ارسلان

راولپنڈی (نیوزرپورٹر)ترک سفارتخانے کے ایجوکیشنل قونصلر جوداد ارسلان نے کہا ہے کہ پاکستان کے تعلیمی نظام میں مزید بہتری کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے ‘ترکی بھی تعلیمی اصلاحات کے عمل سے گذر کر آج ایک اچھے تعلیمی نظام سے نئی نسل کو تعلیم اور تربیت فراہم کر رہا ہے ‘ترکی ‘حکومت(صفحہ 10 بقیہ 52) پاکستان کے ساتھ ملکر تعلیم کے بہت سے شعبوں میں کام کر رہی ہے ۔وہ پیر کو مازن سکول سسٹم( ترکش سٹیٹنڈرڈ )کے زیر اہتمام طلباءو طالبات کے والدین کے لئے اورینٹیشن سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مازن سکول سسٹم ترکی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاتحے اکسوئے ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ملک اظہر محمود ‘چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز الطاف بٹ ‘ ڈائریکٹر اکیڈمک سلیم شیخ ‘ ڈائریکٹر ایچ آر فیصل پراچہ ‘مشتاق احمد سمیت‘مازن سکول سسٹم کے ریسرچ اینڈ ڈویلمپنٹ شعبہ کے حکام‘ طلباءو طالبات اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔تقریب کے دوران طلباءو طالبات اور بچوں کے لئے مازن سکول سسٹم کے نظام تعلیم ‘تربیت اور دیگر امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر مازن سکول سسٹم ملک اظہر محمود نے شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ راولپنڈی اسلام آباد میں ترکش معیار کے حامل مازن سکول سسٹم نے پہلے مرحلے میں ای الیون ‘ ہارلے سٹریٹ اور پی ڈبلیو ڈی میں اپنی شاخیں کھولیں ہیں ‘دوسرے مرحلے میں رینج روڈ راولپنڈی ‘ویسٹریج اوراسلام آباد کے دیگر مقامات پر بھی سکول کی شاخیں کھول کر راولپنڈی اسلام آباد کی نئی نسل کو ترکش معیار کی تعلیم اور تربیت فراہم کی جائے گی ۔ترکی سفارتخانے کے ایجوکیشنل قونصلرجوداد ارسلان نے راولپنڈی اسلام آباد میں ترکش معیار کے مازن سکول سسٹم کی ابتدائی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت کو نظام تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے لئے مزید کام کی ضرورت ہے ‘ترکی کی حکومت پاکستان کے ساتھ ملکر ایک اچھی اور معیاری تعلیم دے رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی جانب سے بھی ترکش معیار تعلیم کی فراہمی ایک اچھا قدم ہے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کی بنیاد علم اور تربیت پر محیط ہوتی ہے‘یہ بھی خوش آئند بات ہے کہ مازن سکول سسٹم میں تعلیم اور تربیت دونوں فراہم کی جارہی ہے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر مازن سکول سسٹم ترکی فاتحے اکسوئے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے پاکستانی شراکت دار کے ساتھ ملکر راولپنڈی اسلام آباد میں ترکش معیار کی تعلیم فراہم کرنے والے تعلیمی ادارے متعارف کرائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ترکی حکومت تعلیم کے شعبے میں عالمی معیار اور ضروریات کے عین مطابق ہے ‘پاکستان میں بھی ایساہی معیار ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مختلف کلچر سے مطابقت رکھنے والا تعلیمی نظام مختلف ادوار میں متعارف کرایا جاتا رہا ‘ترکی اور پاکستان کا کلچر جس میں بہت سے قدریں مشترک ہیں تو اس چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے ترکش معیار کا یہ تعلیمی ادارے قائم کے گئے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن