پاکستان اور روس کے درمیان دوستی مشقوں کا آغاز دوہفتے جاری رہیں گی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) روس کے ایک دور افتادہ کوہستانی علاقہ میں پاک روس مشترکہ فوجی مشقیں ’’دروزبہ 2017‘‘ شروع ہو گئی ہیں۔ روسی زبان کے لفظ ’’دروزبہ‘‘ کا مطلب ’’دوستی‘‘ ہے۔ ’’دوستی2017‘‘ نامی ان مشقوں میںدونوں ملکوں کے سپیشل دستے انسداد دہشت گردی کے آپریشن کریں گے اور پہاڑی علاقوں میں کارروائی کی بائیس سے زائد مشقیں کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ اس سلسلہ کی پہلی مشترکہ مشقیں گزشتہ برس پاکستان میں منعقد ہوئی تھیں۔ پاک روس مشترکہ فوجی مشقوں کے انعقاد کو، دونوں ملکوں کے درمیان، دفاع و سلامتی کے شعبوں میں اہم پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ دو ہفتے جاری رہنے والی یہ مشقیں ملاحظہ کرنے کیلئے اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں روس کا دورہ کریں گے۔ قیام ماسکو کے دوران وہ روس کی اعلیٰ عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔ خطہ میں سلامتی کے امور، بالخصوص، افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا جائے گا اور روس سے مزید گن شپ ہیلی کاپٹروں سمیت مزید دفاعی سودوں کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور روس کی بری افواج کے خصوصی دستوں کی مشترکہ مشقیں روس کے علاقے ’’منریلنے ووڈے‘‘ Vody میں شروع ہوگئی ہیں۔ مشقوں کی افتتاحی تقریب میں دونوں ملکوں کی سپیشل فورسز کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ مشترکہ مشقوں میں دہشت گردی کے خاتمے، یرغمالیوں کی بازیابی، تلاش اور محاصرے کی کارروائیوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ان مشقوں کے انعقاد سے نہ صرف دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے بلکہ پاک فوج کے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے تجربات کا تبادلہ بھی ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن