راولپنڈی(نیوز رپورٹر) گورنمنٹ کنٹریکٹر زویلفیئر ایسو سی ایشن راولپنڈی نے سرکاری ترقیاتی سکیمیں مکمل کرنے کے باوجو ایک سال سے سکیورٹی ڈیپازٹس کی عدم ادائیگیوں پر احتجاجکرتے ہوئے حکومت پنجاب ‘سالانہ ترقیاتی پروگرام ‘ضلعی اور تحصیلوں کی سرکاری ترقیاتی سکیموں کے ٹینڈروں کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے ۔ گورنمٹ کنٹریکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن راولپنڈی کا اجلاس مرکزی صدر سید اعجاز شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں کیپٹن (ر) عبدالطیف وائس چیئرمین ملک عرفان ‘ سینئر نائب صدر ملک افتخار ‘تحصیل راولپنڈی کے صدر ذوالفقار ‘تحصیل کہوٹہ کے صدر محمد صابر ‘ کلرسیداں تحصیل کے صدر محمد شیراز ‘ تحصیل گوجر خان کے صدر شمائل ‘ ٹیکسلا تحصیل کے صدر ذوالفقار احمد ‘کوآرڈینیٹر شہزاد کے علاوہ راولپنڈی ضلع بھر کے کنٹریکٹروں کی بڑی تعداد موجود تھے ۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا گیا کہ محمد شہباز شریف نوٹس لیں اور ٹھیکیداروں کے ساتھ ہونے والی ذیادتیوں کا ازالہ کیا جائے اورذمہ دار افسروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ‘ایئر کنڈیشنڈ دفاتر میں بیٹھ کر منصوبوں کی تخمینہ رپورٹس تیار کرنے والے افسران حقیقت سے نابلد ہیں ۔اجلاس کے بعد گفتگو کر تے ہوئے کیپٹن(ر) عبدالطیف نے بتا یا کہ حکومت پنجاب کے طے شدہ قوانین اور رولز کے تحت تمام ٹھیکیداران سرکاری سکیموں کے آغازپر 10فیصد سکیورٹی ڈیپازٹ جمع کراتے ہیں اور قانون کے مطابق سکیم مکمل کرنے کے بعد جب متعلقہ حکام کے حوالے کیے جاتے ہیں تو اس کے ساتھ ہی 10فیصد سکیورٹی ڈیپازٹ واپس ٹھیکیدار کو مل جانے چاہیں انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں کے ساتھ اس سے زیادہ اور کیا ظلم ہوسکتا ہے کہ انھیں اپنا حق نہیں واپس مل رہا ۔انہوں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران حکومت پنجاب کی جانب سے 20فیصد منافع دینے کے معاملے کا بھی بغور جائزہ لیا گیا ہے ‘اس میں بھی ٹھیکیداروں کے ساتھ ظلم ہورہا ہے ‘20فیصد منافع دیکر کر اسی میں سے 14فیصد ٹیکسز کی مدد میں حکومت پنجاب واپس لے رہی ہے کیپٹن (ر) عبدالطیف نے کہا کہ ہم حکومت پنجاب ‘ضلعی اور تحصیلوں کی سرکاری سکیموں کے تمام ٹینڈروں کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں ‘جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہونگے تب تک یہ بائیکاٹ جاری رہے گا ۔