کراچی (نیوزرپورٹر) دفاعی تجزیہ نگار کرنل (ر) مختار احمد بٹ نے کہا ہے کہ بلاشبہ دفاع وطن کی ذمہ داری فوج پر ہے لیکن جب تک عوام ساتھ نہ ہوں فوج کامیاب نہیں ہوسکتی۔ 1965 ءکی جنگ میں پاک فوج کی کامیابی کی وجہ یہی تھی کہ پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح اس کے پیچھے کھڑی تھی۔ وہ ”دفاع وطن اور تعلیم “ کے موضوع پر ہمدرد نونہال اسمبلی کراچی کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1965 ءکی جنگ میں ہم اتنے تیار نہیں تھے پھر بھی ہم نے دشمن کو شکست دی‘ اس وقت ہم پوری طرح سے تیار اور ایٹمی قوت سے لیس ہیں ہم دشمن کو عبرت ناک شکست دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ضرورت صرف باہمی اتحاد اور امن و امان کو قائم رکھنا اور معاشی قوت کو بڑھانا ہے۔ ہمدرد فاﺅنڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کی جنگ جدید ترین جنگی حکمت عملیوں اور ٹیکنالوجیز کے ذریعے لڑی جاتی ہے اور ٹیکنالوجیز کا حصول تعلیم کے بغیر ممکن نہیں‘ اس لئے یہ حکومت اور ہم سب کا فرض ہے کہ نونہالوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں‘ دور حاضر میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ علوم و فنون پر دسترس دفاع وطن کےلئے لازمی ہے۔ تقریب سے نونہال مقررین حمنہ شکیل‘ عثمان راشد‘ منیبہ گوہر‘ طیبہ فقیر محمد‘ دعا ایوب‘ جویریہ بتول اور میرب محمد رفیق نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ دفاع وطن کےلئے تعلیم کے ہتھیار کی ضرورت ہے اور ہم حصول علم میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے‘ ہمارے بزرگوں نے اس ملک کو اپنے خون سے سینچاہے اور اس دیپ کو روشن کیا ہے اس کی حفاظت اب ہماری ذمہ داری ہے جسے ہم اپنی آخری سانس تک پورا کریں گے۔ مائدہ حریم اور اقرا صدیق نے ملی نغمے پیش کئے اور ٹیبلو اوسس انگلش سیکنڈری اسکول اور کے ایم اے پرائمری اسکول جبکہ دعائے سعید ہمدرد پبلک اسکول کے طلبہ نے پیش کی۔