گجرات( نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاذعت حسین نے کہا ہے کہ کسی ظالم اور قاتل کے ساتھ نہیں، چودھری ظہورالٰہی شہید کا مشن لے کر آگے بڑھ رہے ہیں جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج اور پاکستانی بہادر قوم ہیں، بھارت نے للکار کر غلطی کی ہے۔ انہوں نے چودھری ظہورالٰہی شہید کی 37 ویں برسی میں شرکت کرنے والی شخصیات کا دلی شکریہ ادا کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ اللہ اور عوام کی مدد سے آج ہم سرخرو ہیں، ہمارے ساتھ بہت سے لوگوں نے زیادتیاں کیں لیکن ہم درگزر کرتے گئے کیونکہ معاف کرنے والی ذات صرف اللہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پچھلے سال بھی وعدہ کیا تھا کہ کسی قاتل اور ظالم کا ساتھ نہیں دوں گا آج تک اپنے اس وعدے پر قائم ہوں اور آج پھر یہی وعدہ کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی سلامتی ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے، اسی لیے بطور وزیراعظم میں نے عراق میں فوج بھیجنے سے منع کر دیا تھا، اپنے والد چودھری ظہورالٰہی شہید کے پیغام کو لے کر میں آگے چل رہا ہوں، ہمارا سارا خاندان آج یہاں موجود ہے، اہل گجرات نے ہمیں جو عزت دی ہے اس کو ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے، اہل گجرات دھوکہ نہ کھائیں، اپنے اور پرائے کی تمیز کریں باہر سے آنے والے ہمارے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ 60 سال پہلے عوامی خدمت کا جو سفر چودھری ظہورالٰہی شہید نے شروع کیا تھا آج ہماری تیسری نسل اس کو آگے بڑھا رہی ہے، عوام باالخصوص اہل گجرات نے ہمیں جو عزت دی ہے اللہ کے بعد ہم ان کے مشکور ہیں، شہبازشریف نے دس سال میں گجرات سے جو انتقامی سلوک کیا اس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کی دھمکی احمقانہ ہے، پاکستان ایٹمی قوت ہے دونوں ملک جنگ کے متحمل نہیں ہو سکتے، پاکستانی افواج کو پوری دنیا مانتی ہے اگر بھارت نے جنگ کی غلطی کی تو اسے خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے اپنے مسائل ہیں مقبوضہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکلتا جا رہا ہے اس لیے اس طرح کے بیانات دے رہے ہیں، مودی کرپشن سکینڈل میں پھنس چکے ہیں اس لیے وہ پاکستان کے خلاف بیان بازی کر کے اپنی جان بچانا چاہتے ہیں لیکن مادرِ وطن کے تحفظ کیلئے سندھ، پنجاب، بلوچستان، کے پی کے ہر جگہ سے ایک ہی آواز اٹھے گی، بھارتی آرمی چیف کو سمجھ آنا شروع ہو گئی ہے کہ اس نے کس قوم کو للکارا ہے، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کاز کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے، انشاء اللہ پاکستان اسلام کی آواز بنے گا کیونکہ اب نوازشریف اور اسحاق ڈار کی حکومت نہیں ہے، عمران خان کی نیت نیک ہے اور اللہ تعالیٰ نیتوں کو دیکھتا ہے، سب کچھ آہستہ آہستہ ٹھیک ہو جائے گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال اب نئے سرے سے شروع ہو گا، گجرات میں انجینئرنگ یونیورسٹی، گجرات-لاہور تک موٹروے، انڈسٹریل اسٹیٹ اور ٹیکنیکل یونیورسٹی بھی بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے دوستوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور یہاں کے تمام بنیادی مسائل ختم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام پر کام شروع ہو چکا ہے، ایسا نظام لائیں گے کہ سب مطمئن ہو جائیں گے۔ اس موقع پر ایم این اے حسین الٰہی اور امیدوار این اے 65 چکوال سالک حسین نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹیج پر چودھری وجاہت حسین، چودھری شفاعت حسین، طارق بشیر چیمہ، شافع حسین، ریاض اصغر چودھری، محمد الٰہی حسن الٰہی، سردار آصف نکئی، میاں عمران مسعود، عبداللہ یوسف ایم پی اے، شجاعت نواز اجنالہ ایم پی اے، بائو رضوان ایم پی اے، رحمان نصیر، اصغر گھرال، غلام رسول شارق، اشرف ریحانیہ، ڈاکٹر زین بھٹی، سید سلیم شاہ، چودھری ناصر عنایت ایڈووکیٹ، خالد عباس ڈار، سلیم بریار، ملک ظہیر عباس، اصغر تیل والا اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ تقریب میں ارکان اسمبلی، چیئرمین، وائس چیئرمین اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد کے علاوہ چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر کی ممتاز شخصیات نمایاں تھیں۔ پنڈال میں چودھری ظہورالٰہی شہید، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویزالٰہی کے قد آور بینر لگائے گئے تھے جن پر جمہوریت کی شان چودھری ظہورالٰہی شہید کے نعرے درج تھے۔ تلاوت کلام قاری شعیب، نعت رسول مقبول عمر شہزاد نے پڑھی جبکہ اجتماعی دعا سعید شاہ نے کروائی۔