ابوظہبی(سپورٹس ڈیسک ) پاکستانی ٹیم نے مسلسل خراب کارکردگی دکھانے والے فاسٹ بولر محمد عامر کو بنگلہ دیش کے خلاف اہم میچ میں ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم نے ان کی جگہ پہلی بار ٹورنامنٹ میں ایک اور لیفٹ آرم پیسر جنید خان کو کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔۔ادھر بنگلہ دیش کے ہیڈ کوچ اسٹیو روھوڈز نے کہا ہے کہ کھلاڑی تازہ دم ہوکر پاکستان کے میچ میں شرکت کریں گے، پاکستان کے خلاف میچ میں چیلنج کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر تازہ دم رکھا جارہا ہے، پاکستان کے خلاف میچ جیت کر فائنل کھیلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم اچھی ہے اور ہم اس کا احترام کرتے ہیں لیکن پاکستان کے خلاف ہماری جیت کے امکانات روشن ہیں۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان35ون ڈے میچ ہوئے ہیں۔پاکستان نے31اور بنگلہ دیش نے چار میچ جیتے ہیں۔