لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پی سی بی نے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلیے مہم تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا۔چیئرمین احسان مانی 20اکتوبر کو آئی سی سی اجلاس میں دیگر ملکوں کے بورڈ حکام کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔مارچ 2009میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملوں کے بعد ملکی میدان ویران رہے۔زمبابوے، ورلڈالیون، ویسٹ انڈیز اور پی ایس ایل میچز کی میزبانی کی صورت میں ہونے والی پیش رفت کے بعد پی سی بی اب انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا عمل مزید تیز کرنے کا خواہاں ہے۔ احسان مانی کا کہنا ہے کہ 20 اکتوبر کو سنگا پور میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں تمام ملکوں کے کرکٹ بورڈ حکام سے بات کرتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کروں گا کہ وہ کیسے اور کب کا دورہ کرسکتے ہیں۔ہمیں مختلف ملکوں کی پاکستان کیلئے ٹریول ایڈوائزری کو دیکھنا ہوگا،اس سے اندازہ ہوگا کہ کون سا ملک آسکتا ہے اور کس کو زیادہ تحفظات ہوں گے۔