منی لانڈرنگ سکینڈل :جے آئی ٹی نے تحقیقات کا دائرہ سندھ حکومت تک برھا دیا

Sep 26, 2018

کراچی(سٹاف رپورٹر)منی لانڈرنگ سکینڈل میں ضمانت پر رہا سابق صدرآصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور، انور مجید اور دیگر ملزمان کراچی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوگئے ۔ عدالت نے 5مفرور ملزمان کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 16اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی۔منگل کو منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران آصف زرداری اور فریال تالپور بینکنگ کورٹ کراچی میں پیش ہوئے۔دوران سماعت اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کی اکائونٹ منجمد کرنے کے خلاف درخواست پر کارروائی شروع ہوئی تو ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مخالفت کی۔پراسیکیوٹر نے کہا سپریم کورٹ نے اومنی گروپ کے اکائونٹس سے متعلق کسی بھی قسم کا فیصلہ دینے سے روکا ہے جس پر انور مجید کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آرڈر جاری کرنے سے منع کیا ہے دلائل دینے سے نہیں۔اس موقع پر بینکنگ کورٹ کے جج نے کہا کہ پہلے سپریم کورٹ کا حکم نامہ پڑھ لیں اس کے بعد فیصلہ کریں گے۔انور مجید کے وکیل نے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو حتمی چالان پیش کرنے کا کہا جائے جس پر عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ اب سپریم کورٹ کے پاس ہے اس لیے ہم ایف آئی اے کو چالان کے لیے ٹائم فریم کا کہہ سکتے ہیں۔عدالت نے 5مفرور ملزمان کے ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔مفرور ملزمان میں حسین لوتھا، عارف خان، اعظم وزیر خان سمیت دیگر شامل ہیں۔عدالت نے آصف علی زرداری،فریال تالپور اور انور مجید کے تین بیٹوں سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 16اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے منی بجٹ نہیں بلکہ منی ڈرامہ پیش کیا ہے،اس طرح کے ماحول یا اس طرح کی حکومتوں میں پاک بھارت تعلقات کا یہی کچھ ہوگا۔منگل کو کراچی بینکنگ کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے موقع پر صحافی نے آصف زرداری سے سوال کیا پاکستان اور بھارت کے تعلقات خراب ہوگئے، جس پر آصف زرداری نے کہا کہ اس طرح کے ماحول میں یا اس طرح کی حکومتوں میں تو یہی ہوگا۔صحافی نے سابق صدر سے سوال کیا کہ حکومت نے منی بجٹ پیش کیا، اس پر آپ کیا کہیں گے، آصف زرداری نے کہا کہ حکومت نے منی بجٹ نہیں، منی ڈرامہ پیش کیا ہے۔

مزیدخبریں