واشنگٹن(این این آئی )امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں آئے ابھی دو سال بھی نہیں ہوئے لیکن ان کی صدارت پر پندرہ کتابیں چھپ چکی ہیں۔ ممتاز صحافی باب ووڈورڈ کی کتاب فیئر توقع کے عین مطابق نیویارک ٹائمز کی بیسٹ سیلرز فہرست میں اول درجے پر ہے۔ باب ووڈورڈ وہی صحافی ہیں جنھوں نے واڑگیٹ اسکینڈل کا انکشاف کیا تھا جس کے بعد صدر رچرڈ نکسن کو مستعفی ہونا پڑا تھا۔امریکی ٹی وی کے مطابق جنوری ہی میں تین مزید کتابیں منظر عام پر آئیں۔ فاکس نیوز کے اینکر ہاورڈ کرٹز کی کتاب میڈیا میڈنیس میں صدر اور ذرائع ابلاغ کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے تقریر نویس اور کالم نگار ڈیوڈ فرم کی کتاب ٹرمپوکریسی میں صدر ٹرمپ کو جمہوریت کا دشمن قرار دیا گیا۔ پلٹزر انعام یافتہ صحافی ڈیوڈ کے جونسٹن کی کتاب کا نام ہی اس کا متن واضح کرنے کے لیے کافی تھا۔ اٹز ایون ورس دین یو تھنک واٹ دا ٹرمپ ایڈمنسٹریشن از ڈوئنگ ٹو امریکہ یعنی آپ سوچ بھی نہیں سکتے کہ ٹرمپ انتظامیہ امریکہ کا کتنا برا حشر کر رہی ہے۔فروری میں ڈیوڈ بروڈی کی کتاب دا فیتھ آف ڈونلڈ جے ٹرمپ میں صدر کے مذہبی خیالات پر روشنی ڈالی گئی۔
ٹرمپ کی دوسالہ مدت صدارت،حق اورمخالفت میں15سے زائد کتابیں شائع
Sep 26, 2018