مسئلہ کشمیر جلد حل کیا جائے:پاکستان ،فرانس دوستی گروپ کے صدر جین برنارڈ

Sep 26, 2019

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے )فرانسیسی قومی اسمبلی میں پاکستان فرانس دوستی گروپ کے صدر جین برنارڈ سمپاستوس کے زیر اہتمام گزشتہ روز ہونے والی کانفرنس میں پہلی مرتبہ مسئلہ کشمیر کو فرانسیسی پارلیمنٹ میں اجاگر کیا گیا۔فرانسیسی پارلیمنٹ میں ’کشمیر۔ دنیا کا دیرینہ تنازعہ‘ کے عنوان سے کانفرنس میں فرانسیسی پارلیمنٹ کے اراکان، سکالرز، محققین، انسانی حقوق کے کارکنوں اور فرانسیسی و پاکستانی صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جین برنارڈ سمپاستوس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین مسئلہ کشمیر ستر سالہ پرانا ہے جو اب تک ہزاروں بے گناہ افراد کی ہلاکت کا باعث بن چکا ہے۔ اگست کے بعد سے یہ مسئلہ ایک تاریخی موڑ پر آ کھڑا ہوا ہے جو اس وقت دنیا کی توجہ کا مستحق ہے۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کے جلد حل کرنے کی ضرورت اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی جلدبحالی پر زور دیتے ہوئے پاکستان اور بھارت دونوں سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور پرامن طریقے سے اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اقدامات کریں۔سفیر پاکستان نے آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا پیغام بھی پہنچایا جس میں انہوں نے فرانسیسی پارلیمنٹ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی ہنگامی صورتحال پر کھلی بحث کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے فرانس سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کیلئے انسانی ہمدردری کے طور پر اقوام متحدہ اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان زیر بحث لائیں اور فرانس سلامتی کونسل کے مستقل رکن ہونے کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔صدر آزاد کشمیر نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ فرانسیسی عوام جو عالمی سطح پر تسلیم شدہ بنیادی آزادی اور انسانی حقوق کے حامی ہیں وہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کیلئے بھی آواز اٹھائیں گے۔

مزیدخبریں