عمران نے مودی کو بے نقاب کر دیا، تمام جماعتیں سیاست سے بالاتر ہو کر ملک کا سوچیں: شجاعت، پرویز الٰہی

لاہور+اسلام آباد+گجرات(خصوصی نامہ نگار+وقائع نگارخصوصی‘نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے چودھری ظہورالٰہی شہید کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں جماعتی سیاست سے بالاتر ہو کر پاکستان کے بارے میں سوچیں، ملک کو اس وقت انتشار کی نہیں اتحاد و اتفاق کی اشد ضرورت ہے۔ جبکہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے ظہور الٰہی ہائوس گجرات میں بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری ظہور الٰہی نے کبھی عوامی خدمت اور اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ ہمیشہ عام آدمی غریب آدمی کے حق کی بات کی۔ کبھی ظالم کا ساتھ نہیں دیا۔ آج ان کی تیسری نسل سیاست میں عوام کی خدمت کر رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا سفیر بن کر عالمی سطح پر ظالم و جابر نریندر مودی کو بے نقاب کر دیا ہے۔ آج ملکی حالات اور خطہ کی صورتحال کا تقاضا ہے کہ عوام حکومت اور مسلح افواج کا بھرپور ساتھ دیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ چودھری منظور الٰہی مرحوم اور چودھری ظہورالٰہی شہید نے جو پودا لگایا تھا آج تن آور درخت بن چکا ہے۔ میرے اور شیخ رشید کے خلاف جن افراد کے قتل کے جھوٹے پرچے درج کروائے گئے آج ان کی نسل ہمارے ساتھ بیٹھی ہے۔ جھوٹے پرچے درج کروانے والوں کو ہم نے معاف کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلی ریکارڈ کام کئے۔ آئندہ چودھری ظہورالٰہی شہید کی ہر برسی میرے لیے بجٹ ہو گی، اور ہم اپنا احتساب کریں گے۔ شہبازشریف کی 10 سال حکومت رہی اس کے باوجود آج بھی میں جس افسر کو فون کرتا ہوں وہ مجھے نہ نہیں کرتا کیونکہ ہم نے ہمیشہ دوسروں کو عزت دی۔ یہی وجہ ہے کہ چودھری شجاعت حسین کی صحت کیلئے ان کے مخالفین نے بھی دعائیں کی ہیں۔ جب انہیں جیل میں ڈالا گیا تو سلاخوں کے پیچھے بھی ان کا دوسروں کی مدد اور خدمت کا یہ جذبہ کم نہ ہوا اور وہ وہاں بھی مجبور اور بے نوا قیدیوں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں رہے اور کتنے ہی نادار قیدیوں کے جرمانے اپنی جیب سے ادا کر کے انہیں رہا کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہر حالت میں عثمان بزدار کا ساتھ دیں گے خواہ اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں۔ میں سلام کرتا ہوں اپنی ان کشمیری بہنوں، بیٹیوں، بھائیوں اور بچوں کو جو 52 دن کے کرفیو کے باوجود ثابت قدم ہیں اور بھارتی فوج کا کوئی بھی ظلم و ستم ان کے جذبہ اور جوش کو کم نہیں کر سکتا۔ انہیں جب بھی موقع ملتا ہے وہ پاکستانی پرچم اوڑھ کر سینوں پر گولیاں کھانے کیلئے باہر نکل آتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت جس طرح کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے ہماری جماعت ان کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مظلوم کشمیریوں کو بھارتی چنگل سے نجات مل جائے گی۔ اس موقع پر سینیٹر کامل علی آغا، چودھری شفاعت حسین، چودھری شافع حسین اور چودھری حسین الٰہی ایم این اے نے بھی خطاب کیا اور چودھری ظہورالٰہی شہید کے مشن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ کسی ظالم کا ساتھ نہیں دیں گے۔ جبکہ سٹیج پر چودھری سلیم بریار، موسیٰ الٰہی، چودھری اعجاز وڑائچ، ڈاکٹر زین بھٹی، سعادت نواز اجنالہ، میاں ہارون مسعود، چودھری نعیم رضا، خواجہ وقار، عرفان احسان، چودھری اصغر گھرال، قاری اعجاز اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ شہر اور پنڈال میں چودھری ظہورالٰہی شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بینر آویزاں تھے۔ برسی میں آنے والی شخصیات کا سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے خصوصی شکریہ ادا کیا اور زلزلہ متاثرین کیلئے خصوصی دعا بھی کرائی گئی۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...