آزاد کشمیر ، جہلم، ساہنگ، ککری اور ملحقہ علاقوں میں 4.4شدت کے آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جس سے 30سےزائدافراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 ستمبر کو آنے والے شدید زلزلے کے بعد سے علاقے میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور جمعرات کی صبح تیسری مرتبہ آزاد کشمیر ، جہلم، ساہنگ، ککری اور ملحقہ علاقوں کے علاوہ سرگودھا، راولاکوٹ، نارووال، سانگلہ ہل، دینہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم اس بار اس کی شدت پہلے سے زیادہ تھی، آنے والے آفٹر شاکس کے بعد علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور 30سےزائدافراد زخمی ہو گئے ۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز جہلم کے قریب موجود فالٹ لائن ہی تھی جبکہ ابھی آنے والے آفٹر شاک زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 4 تھی اور اس کی زمین میں گہرائی 12 کلومیٹر تھی۔ شدید نوعیت کے اس آفٹر شاک زلزلے سے ایک بار پھر زمین کانپ اٹھی اور وہاں پر موجود لوگ کھلے مقامات پر جمع ہوگئے۔واضح رہے کہ دو روز قبل آنے والے ہولناک زلزلے کے باعث زخمی ہونیوالے 2مزید افراد دم توڑگئے ہیں جس سے جاں بحق افراد کی تعداد 39 ہوگئی اور زخمیوں کی تعداد 614 تک جا پہنچی ہے .