لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ کی ایک جیل میں ملزم نے تفتیش کے دوران پولیس افسر کو قتل کرکے خود کو بھی گولی مار لی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی لندن کی ایک جیل میں دوران تفتیش 23 سالہ قیدی نے فائرنگ کرکے انویسٹی گیشن افسرکو قتل کردیا اور پھر خود کو بھی گولی مار لی۔ نوجوان قیدی کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جس وقت 40 سالہ افسرکو لایا گیا وہ آخری سانسیں لے رہے تھے انہیں بچانے کی حتی الامکان کوشش کی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔ گولی نہایت قریب سے ماری گئی تھی اور زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ بچ نہ سکے۔ میئر لندن صادق خان نے فائرنگ کے واقعے میں پولیس افسرکی ہلاکت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے جبکہ افسر کی آخری رسومات میں پولیس اور سرکاری حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔