اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے کشمیری وکیل اور انسانی حقوق کے رہنما بابر قادری کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے بابر قادری بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہوئے ہیں۔ ان کے قتل کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔ واضح رہے کہ بابر قادری کو نامعلوم افراد نے گذشتہ روز سری نگر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے اور بھارتی پالیسیز پر تنقید کرنے والی ایک اور آواز کو خاموش کر دیا گیا۔ بابر قادری کا قتل ماورائے عدالت قتل ہے۔ بھارتی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں پبلک سیفٹی ایکٹ آرمڈ فورسز سپیشل پاور ایکٹ جیسے کالے قوانین نافذ کر رکھے ہیں ۔ 300 سے زائد کشمیریوں کو جعلی مقابلوں اور نام نہاد سرچ آپریشن میں مارا جا چکا ہے۔ بابر قادری بھارتی ریاستی دہشتگردی کا ایک اور نشانہ ہے ۔ بھارت کو معلوم ہونا چاہیے کہ کشمیری عوام پر بربریت سے انکے جذبہ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارتی رویہ کا نوٹس لے۔ اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں معصوم کشمیریوں کے قتل پر بھارت سے حساب لیں۔