جنیوا (نیٹ نیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے صدر محمود عباس نے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس سے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے اگلے سال خلیجی ممالک کی عالمی کانفرنس کے انعقاد کا مطالبہ کیا ہے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں عالمی قوانین کے تحت حقیقی امن کے قیام کے لیے فلطسین سے اسرائیل کا ناجائز قبضہ ختم کرانا اور 1967 کی حیثیت کو بحال کرنا ضروری ہوگا۔ صدر محمود عباس نے عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل سے تعلقات کی بحالی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو دھچکا لگا ہے اور وہ ناخوش ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں سائیڈ لائن لگایا جا رہا ہے۔ فلسطینی عوام اپنا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں۔ فلسطینی صدر نے مزید کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کوئی تبدیلی فلسطینی عوام کی مرضی کے بغیر پائیدار نہیں ہوگی۔