جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس‘ نیب دفاتر میں کرونا حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد  (اے پی پی) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ر جاوید اقبال نے نیب ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں نیب دفاتر میں کام کرنے والے تمام  افسران / اہلکاران کیلئے  کووڈ 19کی ممکنہ لہر کے تناظر میں حفاظتی اقدامات  پر سختی سے عمل درآمد کرنے کا فیصلہ کیاگیا جس کے تحت  نیب دفاتر میں وزیٹرز کی آمد اور ملاقاتوں پر پابندی برقرار رکھی جائے گی۔ تاہم مختلف مقدمات میں پیش ہونے والے گواہان اور ملزموں کی نیب میں پیشی کے موقع پر کرونا سے بچاؤ کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ تمام افسروں و اہلکاروں کی نیب دفاتر میں انٹری پر تھرمل گن کے ذریعے ٹمپریچر چیک کیا جائے گا‘ بخار اور کھانسی کی صورت میں ان کو متعلقہ ڈاکٹر سے رجوع کرنے میں ہر ممکن سہولیات دی جائیں گی۔ لفٹ میں کوئی بھی ملازم بغیر ماسک کے اندر داخل نہیں ہو گا۔ ای فائلنگ کو ترجیح دی جائے گی اور اگر ہارڈ فائل بھیجنا ناگزیر ہو تو فائل کو سینی ٹائز کر کے بھیجا جائے۔ انٹر آفس میٹنگز ویڈیو لنک، سکائپ پر ہی کرنا بہتر ہو گا اور اگر ذاتی میٹنگز ناگزیر ہو توشرکاء  کے درمیان ایک میٹر کا فاصلہ لازمی ہونا چاہیے۔ سٹاف اس بات کو یقینی بنائے کہ دفاتر کے کمرے میں موجودٹیبل اور کرسی وغیرہ کو بھی سینیٹائز کیا گیا ہو۔

ای پیپر دی نیشن