شیخ رشید عسکری حکام ، پارلیمانی لیڈرزکی گلگت بلتستان کے حوالے سے گفتگو کو باہر نہیں لائے' ہمایوں اخترخان

 پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے پر اثر خطاب سے ثابت کیا وہ کشمیر کے سفیر اور عالم اسلام کے ترجمان ہیں، عوام اور ملک کے مفاد میں قانون سازی اوراپنے وژن کی تکمیل کیلئے سینیٹ کے انتخابات تحریک انصاف کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ،شیخ رشید عسکری حکام اور پارلیمانی لیڈرزکی ملاقات میں گلگت بلتستان کے حوالے سے ہونے والی گفتگو کو باہر نہیں لائے بلکہ انہوں نے صرف یہ بتایا ہے کہ سیاسی لیڈروں نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کیا کیا باتیں کی ہیں، شہباز شریف نواز شریف کے سامنے بلا شبہ کچھ نہیں کہتے لیکن بعد میں بڑی باتیں کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں اپنے حلقے کے اکابرین اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ہمایوں اخترخان نے کہاکہ واضح ہوگیا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے اے پی سی کے انعقاد سے قبل ریلیف لینے کیلئے بڑی تگ و دوکی لیکن انہیں ناکامی ہوئی اور اس کے بعد اے پی سی کی جانب پیشرفت کی گئی ۔

حیرانی ہے کہ مولانا فضل الرحمان زیرک سیاستدان ہیں لیکن وہ پھر مسلم لیگ(ن) او رپیپلز پارٹی کے دھوکے میں آگئے ہیں ۔ انہوںنے سینیٹ انتخابات کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مفادمیں قانون سازی اور اپنے وژن کی تکمیل کے لئے سینیٹ کے انتخابات تحریک انصاف کے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔اپوزیشن چاہتی ہے کہ سینیٹ انتخابات کو سبوتاژ کیا جائے اور اس کے لئے وہ ہر طرح کا حربہ استعمال کر رہی ہیں۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی سیاسی جماعتوں کی قیادت اتنی معصوم کیوں بن جاتی ہے ،شیخ رشید نے عسکری حکام اور پارلیمانی لیڈرز کے درمیان گلگت  بلتستان کے حوالے سے زیر بحث آنے والاکوئی بھی معاملہ پبلک نہیں کیا بلکہ انہوں نے یہ بتایا کہ لیڈران نے موقع سے فائدہ سے اٹھاتے ہوئے کیا کیا باتیں کی ہیں ۔اب یہ بھی سامنے آیا ہے کہ محمد زبیر نے خود وقت لے کر عسکری قیادت سے ملاقات کی ہے اور اس میں محمد نواز شریف اورمریم نواز کے حوالے سے بات کی گئی جس پر واضح کہا گیا کہ قانونی معاملات عدالتوں اور سیاسی معاملات پارلیمنٹ میں حل ہونے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کاعوام اور ملک کی حالت بہتر کرنے اور جمہوری اداروں کو مستحکم کرنے کی بجائے سازشیںکرنے پر فوکس ہے ۔

ای پیپر دی نیشن