پاکستان کی ہندوبرادری نے عالمی برادری پرزوردیا ہے کہ وہ بھارتی شہر جودھ پور میں گزشتہ ماہ 11پاکستانی ہندوئوں کے قتل کے المناک واقعہ میں انصاف کی فراہمی کیلئے بھارت پردبائو ڈالے۔ پاکستانی ہندو برادری کے نمائندوں نے اس المناک واقعہ کی مذمت کی اور بھارتی حکومت سے اس کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے رکن جے پرکاش نے کہاکہ جس طرح بھارتی حکومت اس واقعہ کو نظر انداز کررہی ہے اس سے یہ تاثرملتا ہے کہ بھارت کے خفیہ ادارے اس میں ملوث ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی رمیش لال نے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ ایک مذہب کا معاملہ نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف جرم ہے ۔سینیٹر کیشو بائی نے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ سچ جاننے کیلئے اپنا کردارادا کرے ۔
سندھ اسمبلی کی رکن منگلہ شرما نے کہاکہ بھارت میں بہت سے مقدس مقامات ہیں جہاں پاکستانی ہندو جانتے ہیں تاہم اس واقعہ نے انھیں خوفزدہ کردیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت کو تحقیقات میں ہونے والی پیشرفت سے پاکستانی حکام کو آگاہ کرنا چاہیے تاکہ پاکستانی ہندو برادری کے تحفظات دور کئے جاسکیں۔