مودی کے خطاب کیخلاف کشمیریوں کی ہڑتال، مظاہرہ : عمران نے حقیقی ترجمانی کی : حریت رہنما 

Sep 26, 2021

سرینگر، مظفرآباد (کے پی آئی‘نوائے وقت رپورٹ، این این آئی) بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر کے خلاف ہفتہ کومکمل ہڑتال رہی، کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی سرینگر اور دیگر علاقوں میں دیواروں ، کھمبوں اور بجلی کے پولوں پر چسپاں پوسٹروں میں درج تحریر میںلوگوں سے کہا گیا تھا کہ وہ ہفتہ کومکمل ہڑتال کرکے عالمی برادری کو یہ واضح پیغام بھیجیں کہ وہ بھارت کے غیر قانونی قبضے سے آزادی چاہتے ہیں۔ پوسٹر ’’کشمیر ریزسٹنس، جموںوکشمیرجسٹس لیگ، کشمیر حریت فورم اور جموںوکشمیر جسٹس اینڈ پیس انی شیٹو‘‘ کی طرف سے لگائے گئے ہیں۔ ان میں درج عبارت میں مزید کہا گیا تھا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کی ضمانت اقوام متحدہ نے دے رکھی ہے۔ سکیورٹی میں مزید اضافہ کیا گیا تھا جگہ جگہ قابض فوجی دستے تعینات کئے گئے تھے، حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے جنرل اسمبلی سے وزیر اعظم عمران خان کے خطاب کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے کشمیریوں کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کی ہے۔ جموںوکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے بیان میں عمران ٰخان کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے روز اول سے ہی حق پر مبنی کشمیریوں کے کاز کی مکمل حمایت کی ہے جبکہ واشنگٹن میں قائم ’’ورلڈ کشمیر ایوائیرنس فورم‘‘ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کشمیر کے منصفانہ مقصد کے لیے اپنی حمایت کا آعادہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔ عمران خان نے جموںوکشمیر کے لاکھوں نا امید لوگوں کو امید اور طاقت دی ہے۔ سرینگر میں لگا تار کرونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے بعد ضلع انتظامیہ نے 8 علاقوں میں 10 دنوں تک کرونا کرفیو نافذ کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ مودی کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیریوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مسلمانوں کے قتل عام میں شریک مودی کا عالمی فورم پر ہونا دنیا کیلئے شرمناک ہے۔ بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔ مظاہرین نے سیاہ پرچم اٹھا کر بھارت، مودی کیخلاف نعرے لگائے۔

مزیدخبریں