اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا گیس کی قیمتوں میں35 فیصد اضافے کی اطلاعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ آئی ایم ایف کا بجٹ تھا۔ حکومت اس کی شرائط پوری کر رہی ہے۔ حکومت نے قوم سے ٹیکس فری بجٹ کا جھوٹ بولا تھا۔ ہم نے جو کچھ کہا آج سچ ثابت ہو رہا ہے۔ ہم نے کہا تھا کہ بجٹ کے بعد مہنگائی اور ٹیکسوں کا نیا سیلاب آئے گا۔ حکومت نے ہماری بات سچ ثابت گئی۔ گیس کی قیمتوں میں اضافہ بلاجواز اور حکومت کی ایک اورسنگین حماقت ہے۔ عوام میں مزید مہنگائی برداشت کرنے کی ہمت اور سکت نہیں۔ ظلم در ظلم بند کیاجائے۔ عمران نیازی اپنی پے درپے حماقتوں سے ملک میں خانہ جنگی کرانے پر تلے ہیں۔ پہلے ہی گیس، بجلی کی قیمتوں میں تاریخی اضافہ ہو چکا ہے۔ قیمتوں میں مزید اضافہ سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ مسئلہ حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن ہے۔ گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مسئلے کا حل ہوتا تو بجلی کے بعد گیس کا گردشی قرض قوم کے گلے نہ پڑتا۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی زندگی مزید جہنم بن جائے گی۔ گیس کی قیمت بڑھنے سے روٹی کی قیمت بڑھے گی۔ عوام کے بل مزید بڑھ جائیں گے۔ پہلے بھی کہا تھا کہ حکومت معیشت کا نائن الیون کرچکی ہے۔حکومت اب مہنگائی سے قوم کا تورا بورا بنا رہی ہے۔ مہنگائی جس رفتار سے کی جا رہی ہے۔ ثبوت ہے کہ حکومت کو معیشت کی الف ب بھی معلوم نہیں۔ قوم کو مہنگائی سے مارنے کا گناہ کرنے کے بجائے عمران نیازی گھر چلے جائیں۔ آٹا‘ چینی‘ گھی‘ دوائی‘ بجلی‘ گیس سمیت ہر چیز مہنگائی کی حدیں توڑ چکی ہے۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ غریب کا جینا حرام ہو گیا ہے۔ اسی ہفتے پہلے بجلی میں 5 سے 35 فیصد اضافہ کیا گیا‘ اب گیس کی قیمت میں 35 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ 141 فیصد گیس کی قیمت حکومت پہلے ہی بڑھا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا دعویٰ تھا کہ قیمت بڑھانے سے گیس کمپنیوں کا خسارہ کم ہو گا۔ حقیقت یہ ہے کہ قیمت بڑھانے کے باوجود گیس کمپنیاں جتنا خسارہ آج کر رہی ہیں‘ تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔
گیس نرخوں میں اضافے کی مذمت، حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کر رہی : شہباز شریف
Sep 26, 2021