لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے چودھری ظہورالٰہی شہید کی 40 ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سیاست میں رواداری کو فروغ دے کر چودھری ظہورالٰہی شہید کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں۔ وہ چاروں صوبوں کی آواز تھے۔ وہ جو بات بھی کرتے تھے پہلے خود اس پر عمل کرتے تھے۔ چودھری ظہورالٰہی شہید نے ساری زندگی حق گوئی، جدوجہد اور جستجو میں بسر کی۔ انہوں نے تحریک ختم نبوتﷺ سمیت پاکستان کے حق میں ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن ہم عہد کرتے ہیں کہ اللہ ہمیں ایسے کاموں کی توفیق دے جس سے اللہ اور اس کی مخلوق راضی ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی شہید ہمیشہ مظلوم طبقے کی آواز بنے اور استحصالی طبقے کے خلاف نبرد آزما رہے۔ تقریب میں سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین، سابق ضلع ناظم گجرات چودھری شفاعت حسین، وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی، سالک حسین ایم این اے اور شافع حسین ارکان پنجاب اسمبلی سمیت بڑی تعداد میں پارٹی رہنما و کارکن شریک ہوئے۔ چودھری ظہور الٰہی شہید اور خاندان کے دیگر مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی‘ فاتحہ خوانی جبکہ چودھری شجاعت حسین کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔