وزیراعظم کی آمد کا با ضابطہ پروگرام ملا تو بھر پور پروٹوکول دیا جائیگا : سندھ حکومت

Sep 26, 2021

کراچی (نیوزرپورٹر) وزیرِ بلدیات و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سندھ ، سید ناصر حسین شاہ نے  ہفتہ کو شام کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر سندھ میں شہدا خواہ ان کا تعلق فورسز سے ہو یا وہ عام شہری ہوں کے لواحقین کی اعانت کے لئے پلاٹ دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا خواہ وہ پاک افواج سے ہوں، رینجرز سے ہوں، پولیس سے ہوں یا وہ عام شہری ہوں اگر ان کے لواحقین کو پہلے کبھی اعانت کے طور پر پلاٹ نہیں دیئے گئے تو سندھ حکومت اپنے شہدا کی خدمات کے اعتراف میں  پلاٹ دے گی اور یہ ہمارے چیئرمین صاحب کا وژن ہے کہ وہ اپنے شہدا کے لواحقین کی مدد کے لئے فکرمند ہیں۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت صوبے میں بلدیاتی اداروں کی خدمات میں بہتری لانے کے لئے کام کررہی ہے اور آپ نے دیکھا کہ حالیہ بارشوں میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی کراچی کس طرح خود ان جگہوں پر موجود رہے جہاں پانی کھڑا ہوگیا تھا انہوں نے کہا کہ گرین لائن اسٹرکچر کی وجہ سے سخی حسن اور ناگن چورنگی کے علاقے میں پانی کی نکاسی میں مسائل ہیں جس کا جلد مستقل حل کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ میں وفاقی حکومت کے کسی بھی پراجیکٹ کی مکمل مدد کریں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی آمد کے بارے میں اگر باضابطہ پروگرام دیا جائے گا تو پورا پروٹوکول دیں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا  ہے کہ ملکی مفاد کے لیے وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔  کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ملک کی عزت اور احترام سب سے بڑھ کر ہے، انٹرنیشنل ٹیموں کولانے میں وفاق کواپنی خدمات دینے کیلئے حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بات ہو تو سیاست ایک طرف رکھتے ہیں، بلاول بھٹوبھی کہتے ہیں ملک کے مفادکیلئے وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ مارچ سے پہلے بلدیاتی انتخابات منعقد ہوں، ہم نے اس حوالے سے اپنی تیاری شروع کردی ہے۔ وفاقی حکومت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے لیے اعلان کردہ 1100 ارب روپے صرف باتوں کی حد تک ہیں، صرف اعلانات نہیں ان پر عمل بھی ہوناچاہیے۔ انہوں نے حلیم عادل شیخ کو دعا بھٹو سے شادی اور بیٹے کی پیدائش کی مبارک باد دیتے ہوئے شکوہ کیا کہ انہیں شادی کی بات چھپانی نہیں چاہیے تھی۔    اس سے قبل پریس کلب آمد پر وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نیصدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی، سیکریٹری رضوان بھٹی و دیگر عہدیداران اور کلب کی گورننگ باڈی کے ارکان سے ملاقات کی ۔اس موقع پر سیکریٹری لینڈ یوٹیلائزیشن بورڈ آف ریونیو سندھ سمیع صدیقی، ڈائریکٹر جنرل لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی  محمد اسحق کھوڑو، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی  حاجی احمد اور دونوں اداروں کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر منعقدہ اجلاس میں سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ صحافیوں کی ہاسنگ اسکیم کے مسائل ترجیحی طور پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سے اظہار رائے کی آزادیوں کی حمایت کی ہے اور سندھ حکومت صحافیوں کے حقوق کے لئے مکمل طور پر ان کے ساتھ ہے ۔انہوں نے پریس کلب کی منتخب کابینہ اور ارکان گورننگ باڈی کو یقین دلایا کہ صحافیوں کی ہاسنگ اسکیم کے مسائل کے حل کے لئے پارٹی  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی بھی واضح ہدایات ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت کراچی پریس کلب کی تجاویز و آرا پر عمل درآمد کے لئے تمامتر وسائل کو بروئے کار لائے گی۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر اور سیکریٹری نے صوبائی وزیر بلدیات کو ہاکس بے اور ملیر میں صحافیوں کی ہاسنگ اسکیم کے حوالے درپیش مسائل سے گاہ کیا جس پر وزیر بلدیات سندھ نے موقع پر موجود افسران کو مذکورہ مسائل کے جلد از جلد حل کی ہدایات دیں اور کہا کہ سندھ حکومت پریس کلب کے اراکین کو رہائش کے لئے نا صرف پلاٹ دے گی بلکہ صحافی کالونیوں میں جملہ سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ صحافیوں کو اچھا رہائشی ماحول میسر آسکے۔

مزیدخبریں