کراچی ( کامرس رپورٹر(مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کے بھاؤ میں غیرمعمولی اتار چڑھاؤ رہا نیویارک کاٹن کے زیر اثر روئی کے بھاؤ میں 10 امریکن سینٹ اور 1200 روپے کی غیر معمولی اتار چڑھاؤ کے بعد مجموعی طور پر تیزی کا رجحان رہا۔ ہفتے کے پہلے دو دنوں کے دوران چین کی ایک کمپنی ممکنہ دیوالیہ ہو جانے کی خبروں کی وجہ سے دنیا بھر کی تمام مارکیٹوں میں بھو چال آگیا اور مارکیٹیں بری طرح نیچے آگئی جس کے زیر اثر نیویارک کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں فی پاؤنڈ 3 امریکن سینٹ کی غیرمعمولی کمی ہوئی جس کی بازگشت مقامی کاٹن مارکیٹ میں بھی سنی گئی اور روئی کے بھاؤ میں فی من 700 روپے تک کمی واقع ہوگئی. دوسری جانب خصوصی طور پر پنجاب کے کپاس پیدا کرنے والے بیشتر علاقوں میں بارشوں کے سبب پھٹی کی رسد کم ہوگئی یوں جنرز دونوں جانب سے مشکلات میں مبتلا ہوگئے رسد کم ہونے کی وجہ سے روئی کے گرے ہوئے بھاؤ میں دوبارہ کچھ جان آنے لگی اور روئی کے بھاؤ میں فی من 500 تا 600 روپے کا اضافہ ہوگیا دوسری جانب امریکہ میں ڈالر کے دام میں کمی ہونے کی وجہ سے نیویارک کاٹن کے وعدے کا بھاؤ بھی نسبتا اونچا ہو گیا مقامی مارکیٹ میں بھی روپے کے نسبت ڈالر کے بھاؤ میں اضافہ کی وجہ سے ٹیکسٹائل ملز نے دوبارہ خریداری شروع کردی جس کی وجہ سے بھاؤ بڑھ گیا۔دریں اثناء کاٹن یارن کے ذرائع کے مطابق کاٹن یارن کے بھاؤ میں کمی کا رجحان ہے فیصل آباد سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کاٹن یارن کے بھاؤ ابھی بھی اونچے ہونے کی وجہ سے کاٹن لومز والوں کو نقصان ہو رہا ہے جس کی سے وجہ فیصل آباد میں کئی علاقوں میں کاٹن لومز مجبورا بند کرنے پڑے ہیں جس کے باعث بے کاری اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے ایسا بھی عندیہ دیا جارہا ہے کہ کئی کاٹن لومز مالکان نقصان کم کرنے کے لیے ہفتے کے دو روز کاٹن لومز بند کر رہے ہیں جس کے باعث کاٹن یارن کی مانگ کم ہونے کی وجہ سے کاٹن یارن کے بھاؤ میں مزید کمی آنے کا امکان بتایا جارہا ہے۔صوبہ سندھ میں روئی کا بھاؤ اتار چڑھاؤ کے بعد کوالٹی کے نسبت فی من 11700 تا 13500 روپے رہا پٹھی کا بھاؤ فی 40 کلو 4200 تا 5700 روپے بنولہ کا بھاؤ فی من 1450 تا 1800 روپے رہا صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 13200 تا 13600 روپے پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 5000 تا 5800 روپے بنولہ کا بھاؤ فی من 1650 تا 1800 رہا صوبہ بلوچستان میں روئی کا بھاؤ فی من 12800 تا 13200 روپے پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 6000 تا 6800 روپے بنولہ کا بھاؤ فی من 1600 تا 1800 روپے رہا۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ اتار چڑھاؤ کے بعد فی من 50 روپے کی کمی کے ساتھ 13200 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں زبردست اتار چڑھاؤ رہا خصوصی طور پر نیویارک کاٹن کے بھاؤ میں تقریبا 10 امریکن سینٹ کا اتارچڑھاؤ ہوا سوموار کے روز وعدے کا بھاؤ چین کی رئیل اسٹیٹ کمپنی کی ممکنہ دیوالیہ ہونے کی خبروں کی وجہ سے دنیا بھر کی کموڈیٹیز کمپنیوں میں بھوچال گیا تھا اور انا فانا بھاؤ میں زبردست کمی واقع ہو گئی تھی نیویارک کاٹن مارکیٹ میں روئی کے وعدے کے بھاؤ میں 3 امریکن سینٹ کی غیر معمولی کمی واقع ہوئی جس کے زیر اثر دیگر ممالک کی کاٹن مارکیٹوں کے ساتھ مقامی کاٹن مارکیٹ میں بھی روئی کے بھاؤ میں فی من 700 روپے تک کی غیر معمولی کمی واقع ہو گئی تھی جس کی وجہ سے ایک دفعہ تو بحرانی کیفیت پیدا ہوگئی تھی اور مارکیٹ میں افراتفری کی صورتحال ہو گئی تھی بعد ازاں امریکا میں طوفان آنے اور USDA کی ہفتہ وار برآمدات میں گزشتہ ہفتہ کے نسبت 22 فیصد اضافہ ہونے کی وجہ سے نیویارک کاٹن کے وعدے کا بھاؤ 96 سینٹ کی 10 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
روئی کے بھاؤ میں غیرمعمولی اتار چڑھاؤ رہا
Sep 26, 2021