کراچی(سپورٹس رپورٹر) گوادر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تین گورنمنٹ گرلزاسکولوں کی کھلاڑیوں پر مشتمل بام سحر اور بام اسٹار کے نام سے ٹی ٹین میچ کھیلا گیا،جو بام اسٹار کی ٹیم نے بام سحر کو 2 رنز سے شکست دیکر جیت لیا،میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔گوادر میں وویمن کرکٹ کو فروغ دینے کیلئے گوادر کی معروف سماجی رہنما اُستانی بیگم النسا نے گورنمنٹ گرلز اسکول شمبے اسماعیل ،گورنمنٹ گرلز اسکول ملا بند اور گورنمنٹ گرلز اسکول کلانچی پاڑا کی بچیوں پرمشتمل دو ٹیمیں بام سحر اور بام اسٹار کے نام بنا کر ان کے مابین دوستانہ T10 کرکٹ میچ منعقد ہو ئے۔میچ ٹائی ہونے پر سپر اوور کے ذریعے میچ کا فیصلہ ہوا ، با م اسٹار نے سپر اوور میں 6 رنز بنائے اس کے جواب میں بام سحر کی ٹیم صرف 4 رنز ہی بنا سکی یوں بام اسٹار نے میچ 2 رنز سے جیت لیا۔میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ADC گوادر محمد انیس گورکیج اوراسسٹنٹ کمشنر گوادر راجہ اطہر عباس نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔اس موقع پر صدر تحصیل گوارد بلوچستان عوامی پارٹی محمد جان،ماجد ،زینت ،حسنہ سمیت تینوں اسکولوں کا اسٹاف اور بچیوں کے والدین بھی موجود تھے۔