لاہور(نمائندہ خصوصی)ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب سہیل اختر سکھیرا نے عوامی شکایات اور کرپشن کے الزامات پر2 ڈی ایس پیز سمیت18 سب انسپکٹرز، ہیڈ کانسٹیبلز، کانسٹیبلز اور ٹریفک وارڈنز کو ٹریفک ہیڈ کوارٹر کلوز کر دیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک سہیل سکھیرا نے کہاہے کہ آئی جی پنجاب کے احکامات کے مطابق لائسنسنگ کے اجراء کے عمل کو مکمل شفاف اور شہریوں کیلئے مزید آسان بنایا جارہا ہے تاکہ وہ بغیر کسی پریشانی سروس ڈلیوری سے مستفید ہوسکیں ۔ کرپشن سمیت دیگر بے ضابطگیاں ثابت ہونے پر گذشتہ چند روز میں مجموعی طور پر اٹھارہ افسران واہلکاروں کو ٹریفک ہیڈ کوارٹرز کلوز کیا گیا ہے جن میں ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر بہاولنگر ڈی ایس پی، حسن دانیال بشیر اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر ڈی جی خان عمران رشیدشامل ہیں جبکہ ریڈر ٹو سی ٹی او ملتان عمراشتیاق،ٹریفک وارڈن لائسنسنگ برانچ ملتان عبدالرؤف، انچارج لائسنس برانچ سٹی ٹریفک پولیس ملتان مہیر اخلاق احمد،انچارج لائسنس برانچ بہاولنگر محمد اجمل، ٹریفک وارڈن ملتان تجمل احمد اور ٹریفک وارڈن بہاولنگر وسیم طاہرکو معطل کرکے کلوز لائن کردیا گیا ہے۔ اسی طرح تین روز قبل رحیم یار خان ٹریفک پولیس سے سب انسپکٹر شکیل احمد، سب انسپکٹرحافظ نور الدین،ہیڈ کانسٹیبل محمد طارق،ہیڈ کانسٹیبل عبدالرزاق پارس،کانسٹیبل امتیاز احمد رحیم، کانسٹیبل عبدالرحمان ،کانسٹیبل عبدالعزیز راہی، کانسٹیبل احسان علی،کانسٹیبل ایاز احمد اور کانسٹیبل سلیم احمد کو بھی معطل کرکے کلوز لائن کیا جاچکا ہے۔کلوز اور معطل ہونے والے افسران واہلکاروں کیخلاف ایس ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز ڈاکٹر بشریٰ کو انکوائری افسر مقرر کیا گیا ہے جو انکے خلاف مزید باضابطہ انکوائری کریں گی۔