کراچی ( نیوز رپورٹر )کیچڑاورگندگی کے ڈھیروں سے تعفن اٹھ رہاہے، فوری صفائی ستھرائی کے انتظامات کرکے عوام کو پریشانی سے بچایاجائے۔یہ بات پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمدبیگ نے خداکی بستی، روزی گوٹھ، عباسی گوٹھ، خیر محمدگوٹھ، سائرہ بی بی گوٹھ اور دیگر علاقوں کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔علاقہ مکینوں نے بتایاکہ نالوں اور گٹروں کی صفائی نہ ہونے کے باعث بارش کا ساراپانی گھروں اور دکانوں میں بھرنے سے ہماراقیمتی سامان برباد ہوگیاہے، گٹروں کا گندہ پانی ہمارے پینے کے پانی کے ٹینکوں میں بھرنے سے خراب ہوگیااور استعمال کے قابل نہیں رہا،ان کا کہناتھاکہ حکومت کی جانب سے ہمیں کسی بھی قسم کی سہولیات نہیں ہیں ،ہم نے بھاری رقوم سے ٹینکروں کا پانی خریداتھا۔اب عالم یہ ہے کہ گلیوں میں بارشوں اور گٹروں کا پانی جمع ہے ،نکاسی کاکوئی انتظام نہیں ہے، انتظامیہ خاص طورپر ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب ہماری دادرسی کریں۔سعید احمدبیگ نے کہاکہ حکومتی اداروں کی غفلت اور کوتاہی عوام کے لئے عذاب بن چکی ہے، انتظامیہ فوری طورپر اقدامات بروئے کارلائے اور متاثرین کی مددکرے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی اداروں نے حسب سابق اپنی روایتی ہٹ دھرمی کو قائم رکھتے ہوئے شہریوں کو پریشان کرنے کا سلسلہ جاری رکھا، بارشوں کی پیشن گوئیوں کے باوجود ندی نالوںاور علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے کراچی کے شہریوں کے لئے باران رحمت ایک زحمت بن گئی جو ایک افسوسناک امر ہے۔
سعید بیگ