حیدرآباد (نامہ نگار)جماعت اسلامی کے 80واں یوم تاسیس کے سلسلے میں جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری ظہیر الدین شیخ اور نائب امیر قاری محمد افضل شاکر کی زیر صدارت امراء زونز کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں حلقہ جات کے کام کا جائزہ لیا گیا اور یوم تاسیس میں مختلف ذمہ داری سنبھالنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اس موقع پر جے آئی یوتھ حیدرآباد کے صدر راحیل قریشی بھی موجود تھے۔اجلاس سے ظہیر الدین شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی حیدرآباد میں دعوت اور تنظیم کا کام نئے جذبے سے کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو جماعت اسلامی کے نصب العین سے وابستہ کر سکے، جماعت اسلامی نے افراد کو ہمیشہ شخصیت پرستی کی بجائے ایک آفاقی پیغام اور منشور سے وابستہ کیا تاکہ اللہ کی زمین پراللہ کا نظام قائم کیا جا سکے۔ظہیر الدین شیخ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی 80 سالہ تاریخ جدوجہد اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے،یوم تاسیس میں اس عزم کا اظہار کیا جائے گا کہ ملک میں اسلامی انقلاب اور نظام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے نفاذ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ذمہ داران ، امراء زونز اورکارکنان، جماعت اسلامی کی دعوت کو ہر گھر تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
جماعت اسلامی نئے جذبے کے تحت اپنا پیغام عام کریگی: ظہیر الدین
Sep 26, 2021