جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق افغان صدر اشرف غنی مفروروں کی طرح زندگی گزار رہے ہیں۔ ایک دبئی میں ہیں اور دوسرے لندن میں ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وہ تمام سیاسی رہنما جو اپنے لوگوں اور مٹی سے جڑے نہیں تھے ۔ ایسی زندگی گزارنا ان کا مقصود ہو گیا ہے۔ چوہدری فواد نے کہا کہ نواز شریف اور اشرف غنی دونوں امریکی ڈالر کے تھیلے لے کر بیرون ملک بھاگ گئے ہیں۔ یہ ان لوگوں کے لیے ایک سبق ہے جو سیاست میں ہیں۔ لیکن اپنی زمین سے جڑے نہیں ہیں۔ آج ایسے لوگوں کی حالت ہمارے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ افغانستان اور کشمیر ، غریب ممالک سے لوٹی ہوئی دولت کی امیر ممالک میں منتقلی اور ماحولیات جیسے مسائل پر پاکستانی عوام کے جذبات کی نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہر سطح پر پاکستان کے ہر فرد کے جذبات کی نمائندگی کی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے مسئلے پر اقوام متحدہ کے سامنے نریندر مودی کو چیلنج کیا جو پاکستان میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔انہوں نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہا جب جب 2008 میں ممبئی کے واقعات ہوئے تو ہندوستانی نے الزام لگایا کہ ان واقعات میں ایک پاکستانی ملوث ہے حالانکہ اس شخص کا کسی سیکورٹی ایجنسی یا پاک فوج سے کوئی تعلق نہیں تھا لیکن پاکستان کے خلاف عالمی پروپیگنڈا مہم چلائی گئی۔انہوں نے کہا کہ جب بھارتی فوجی افسر کلبھوشن یادیو کو بلوچستان میں گرفتار کیا گیا تو نواز شریف نے اس پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کبھی کوئی تعمیری کام نہیں کیا سوائے قومی دولت لوٹنے اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دعوت دینے کے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک بھر میں وفاق کی نمائندگی کرنے والی واحد سیاسی جماعت ہے اور عمران خان کا ووٹ بینک ہر جگہ پایا جاتا ہے۔انہوں نے ریمارکس دیئے کہ یہ قوم کی خوش قسمتی ہے کہ اس کے پاس وفاق کو متحد کرنے کے لیے عمران خان جیسا بڑے قد کا لیڈر ہے۔
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اگلے انتخابات میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی کیونکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی تقسیم ہوچکی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں کوئی بھی سیاست دان مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی کا ٹکٹ حاصل کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔