متاثرین سیلاب کی بحالی تک امداد جاری رکھیں گے: ضیا حیدر رضوی


لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن حمایت اسلام کے صدر سیّد ضیا حیدر رضوی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں معمول سے چھ سو گنا زیادہ مون سون سے ہونے والے جانی، زرعی اور مالی نقصانات کی تلافی کے لیے اقوامِ متحدہ، دوست ممالک کے علاوہ دنیا بھر اور پاکستانی مخیرین کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہو گا۔ اشیا اور نقد امداد کا سلسلہ متاثرین کی مکمل بحالی تک جاری رہے گا۔ انہوں نے انجمن کے زیرانتظام اداروں کی جانب سے جمع کردہ اشیاے ضروریہ پر مشتمل کارٹن ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال حکومتِ پنجاب کے حوالے کر دیں۔اس موقع پر نائب صدر خواجہ مشتاق احمد ، سیکرٹری ویلفیئر انجمن جسٹس (ر) سیّد سخی حسین بخاری، چیئرمین جایداد میاں زاہد جاوید، دارالشفقت کمیٹی کے چیئرمین سہیل محمود بٹ اور سیکرٹری پروفیسر ریاض الحق چودھری کے علاوہ عملے کی بڑی تعداد موجود تھی، جنھوں نے ٹرک میں مختلف ادویہ، نئے یونی فارمز، پینٹس، جرسیاں، سویٹرز، ان سلا کپڑا، جوتے، زنانہ و مردانہ شلواریں اور قمیصیں، سوٹس، منرل واٹر کی بوتلیں، بسکٹس کے ڈبے، 5کلو چاول، 2کلو چینی، ایک کلو دال اور دودھ پر مشتمل ایک سو کارٹن اپنی نگرانی میں ٹرک میں رکھوائے۔ مذکورہ امدادی سامان حمایتِ اسلام ہائر سیکنڈری سکول، زنانہ و مردانہ دارالشفقت، حمایتِ اسلام لا کالج، حمایتِ اسلام طبیہ کالج، حمایتِ اسلام پاشا ہائی سکول، حمایتِ اسلام پبلک ہائی سکول، حمایتِ اسلام ڈگری کالج براے خواتین اور شعبہ جایداد انجمن کی جانب سے مہیا کیا گیا تھا۔ مزید برآں نقد رقوم سے اشیاے خور و نوش خرید کر بھجوائی گئیں۔

ای پیپر دی نیشن