کرکٹ بورڈ کے2014ءکے آئین کی بحالی کیلئے احتجاج کی حمایت کرینگے : ملک ذوالفقار

Sep 26, 2022


لاہور(سپورٹس رپورٹر) سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر ملک ذوالفقار نے کہا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے2014ءکے آئین کی بحالی کیلئے ملک کے بڑے شہروں میں ہونے والے احتجاج کی حمایت کرتا ہوں۔ ملک بھر کے کرکٹ آرگنائزرز کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ دو ہزار چودہ کا جمہوری آئین بحال کیا جائے۔ نوجوانوں کیلئے کھیل کے مواقع بڑھائے جائیں، ملک بھر میں ڈسٹرکٹ اور ریجنل کرکٹ کا نظام بحال کیا جائے تاکہ کرکٹرز کیلئے زیادہ مواقع پیدا ہوں۔ اختیارات کی نچلی سطح پر تقسیم اور سٹیک ہولڈرز کو ساتھ ملا کر چلنا ضروری ہے۔ کرکٹ بورڈ کا موجودہ آئین نام نہاد ایسوسی ایشنز کے اخراجات بھی برداشت کر رہا ہے بھاری اخراجات کے باوجود نتیجہ صفر ہے۔ تحریک بحالی کرکٹ اور کرکٹ ایسوسی ایشنز کیلئے ملک کے معروف کرکٹ آرگنائزر شکیل شیخ کا کردار قابلِ تعریف ہے انہوں نے جمہوری انداز میں کرکٹ بورڈ کے غیر جمہوری اقدامات کے خلاف آواز بلند کی ہے۔درحقیقت یہ پاکستان کرکٹ کی خدمت ہے۔ ہمارے وفد نے بھی سیالکوٹ میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کرکٹ بورڈ کے دو ہزار چودہ کے آئین کی بحالی کیلئے ملاقاتیں کی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف جلد اس حوالے سے اہم فیصلہ کریں گے۔

مزیدخبریں